جموں و کشمیر میں فاروق عبداللہ کی شفایابی کے لئے دعائیہ مجالس کا انعقاد
ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صرف نیشنل کانفرنس کو ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ اپوزیشن اور ہم سے مختلف نظریہ رکھنے والے بھی اُن کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔
جموں و کشمیر اور لداخ میں منگل کو تمام ضلع مقامات پر نیشنل کانفرنس کی جانب سے پارٹی صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی فوری صحت یابی، تندرستی، شفایابی اور عمردرازی کے لئے دعائے شفا کی مجالس کا انعقاد ہوا۔
اس سلسلے میں سب سے بڑی مجلس پارٹی ہیڈکوارٹر نوائے صبح میں منعقد ہوئی، جس میں علمائے اکرام نے تلاوت کلام پاک کے بعد قرآن اور حدیث سے شفایابی کی دعائیں کیں۔تقریب کے شرکاء نے اللہ کے دربار میں نہایت عاجزی اور انکساری کے ساتھ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صحت یابی کے لئے مانگی گئی دعاﺅں پر آمین کہا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سکریٹری علی محمد ساگر نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صرف نیشنل کانفرنس کو ہی نہیں بلکہ پوری قوم کو ضرورت ہے، یہی وجہ ہے کہ نہ صرف نیشنل کانفرنس اور اس کے حامی بلکہ اپوزیشن اور ہم سے مختلف نظریہ رکھنے والے بھی اُن کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔
انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کو اس وقت جن چیلنجوں کا سامنا ہے ان میں سرخرو ہونے کے لئے ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی قیادت اور رہنمائی انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔ تینوں خطوں میں صرف ڈاکٹر فاروق صاحب ہی ایسی واحد سیاسی شخصیت ہیں جن کی ایک آواز پر ہر ایک مکتبہ فکر سے وابستہ لوگ اور سیاسی جماعتیں لبیک کرسکتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ ایک ہمہ جہت سیاسی شخصیت کے مالک ہیں، جن کی دوراندیشی، سیاسی بصیرت، تدبر اور تجربے کی قوم کو ضرورت ہے۔ ساگر نے کہا کہ جموں و کشمیر کے اندر ہی نہیں بلکہ ملک کی جمہوری آوازیں اور آزاد خیال سیاسی قائدین بھی ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں کیونکہ وہ اس بات سے بخوبی واقف ہیں کہ ملک میں اس وقت جمہوریت کی بقاء کے لئے جو جدوجہد جاری ہے اس میں ڈاکٹر صاحب کا کتنا اہم رول ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اللہ تبارک و تعالیٰ سے دست بہ دعا ہیں کہ وہ ڈاکٹر صاحب اور اس وبائی بیماری میں مبتلا دیگر مریضوں کو فوری شفاء عطا کرے۔اجلاس میں جو دیگر لیڈران شامل تھے اُن میں انجینئر صبیہ قاری،غلام نبی بٹ، سید رفیق شاہ، سلام الدین بجاڑ، احسان پردیسی، مدثر شہمیری، رفیق احمد خان، ڈی ڈی سی ممبران اور بلاک صدور صاحبان بھی موجود تھے۔
کولگام میں منعقدہ تقریب میں اسٹیٹ سکریٹری سکینہ ایتو، صدر ضلع ایڈوکیٹ عبدالمجید لارمی اور ترجمان عمران نبی ڈار کے علاوہ ڈی ڈی سی ممبران اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔اننت ناگ میں منعقدہ تقریب میں شمالی زون صدر ڈاکٹر بشیر احمد ویری، صدر ضلع الطاف احمد وانی، نائب صدر ایڈوکیٹ ریاض احمد خان، سید توقیر احمد، ڈی ڈی سی ممبران اور دیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔ پلوامہ میں منعقدہ تقریب میں ضلع غلام محی الدین میر، سینئر پارٹی عہدیداران اور ڈی ڈی سی ممبران موجود تھے۔
شوپیان میں منعقدہ تقریب میں صدر شوکت حسین گنائی، شیخ محمد رفیع، شبیر احمد کلے اور دیگر عہدیداران و ڈی ڈی سی ممبران موجود تھے۔ گاندربل میں منعقدہ تقریب میں شیخ اشفاق جبار، سینئر عہدیداران اور ڈی ڈی سی ممبران موجود تھے۔بڈگام میں منعقدہ تقریب میں وسطی زون صدر علی محمد ڈار، ضلع صدر حاجی عبدالاحد ڈار، غلام نبی بٹ، ڈی ڈی سی ممبران اور سینئر عہدیداران موجود تھے۔بارہمولہ میں منعقدہ تقریب میں صدرِ ضلع جاوید احمد ڈار، غلام حسن راہی، ایڈوکیٹ نیلوفر مسعود، ایڈوکیٹ شاہد علی، خواجہ محمد یعقوب وانی اوردیگر عہدیداران بھی موجود تھے۔
بانڈی پورہ میں منعقدہ تقریب میں صدرِ ضلع میر غلام رسول ناز اور سینئر عہدیداران و ڈی ڈی سی ممبران میں شرکت کی۔ کپوارہ میں منعقدہ تقریب میں سینئر لیڈران چودھری محمد رمضان، میر سیف اللہ، قیصر جمشید لون، کفیل الرحمن، سینئر عہدیداران اور ڈی ڈی سی ممبران موجود تھے۔
کرگل میں منعقدہ تقریب میں سینئر پارٹی لیڈر قمر علی آخون، ضلع صدر حاجی حنیفہ جان اور دیگر سینئر عہدیداران اور کارکنان نے شرکت کی۔جموں صوبہ میں خطہ چناب اور پیر پنچال کے تمام اضلاع میں بھی دعائیہ مجالس اہتمام کیا گیا اور پارٹی کے صدرِ محترم کی شفایابی کے لئے خصوصی دعاﺅں کا اہتمام کیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔