پریاگ راج: یوگی حکومت وعدہ خلافی کر رہی ہے، کھیتوں میں میٹر لگ جائیں گے تو مفت بجلی کیسے ملے گی؟ راکیش ٹکیت

یوگی آدتیہ ناتھ نے کسانوں کو مفت بجلی دینے کی بات کرتے ہوئے بندیل کھنڈ کے کسانوں کو 1300 یونٹ ہر مہینہ اور دیگر اضلاع کے کسانوں کے لیے 1045 یونٹ بجلی مفت دینے کا وعدہ کیا تھا۔

<div class="paragraphs"><p>راکیش ٹکیت (فائل)/ تصویر: آئی اےاین ایس</p></div>

راکیش ٹکیت (فائل)/ تصویر: آئی اےاین ایس

user

قومی آواز بیورو

 بھارتیہ کسان یونین کے قومی ترجمان راکیش ٹکیت نے یوپی حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ایک سال تک کسانوں کو مفت میں بجلی دینے کا وعدہ کیا تھا لیکن افسران نے کسانوں کے کھیتوں میں میٹر لگانا شروع کر دیا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ اگر میٹر لگ جائیں گے تو مفت میں بجلی کیسے ملے گی؟ ٹکیت نے پریاگ راج میں ایک کسان مہا پنچایت سے خطاب کے موقع پر یہ باتیں کہیں۔

'اے بی پی' کی خبر کے مطابق راکیش ٹکیت نے منڈیرا میں کہا کہ اگر میٹر لگانا ہے تو 2027 کے اسمبلی انتخابات سے پہلے اس معاملے کو اپنے منشور میں شامل کرنا ہوگا، نہیں تو کسان کے کھیت میں میٹر نہیں لگے گا۔ ٹکیت نے دھان کی قیمتوں کے معاملے پر بھی حکومت کو گھیرتے ہوئے الزام لگایا کہ پوروانچل میں جون پور، مرزا پور اور بلیا میں 1200 روپے فی کوئنٹل کی قیمت میں دھان کسانوں سے لیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہی حال مکّا کا ہے۔ کسان رہنما نے بتایا کہ بہار میں ایک لاکھ کروڑ روپے کا نقصان فصلوں کو کم قیمت پر فروخت کرنے سے کسانوں کو ہوتا ہے اور یہی حال سبھی ریاستوں کا ہے۔


راکیش ٹکیت نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ حکومت چاہتی ہے کہ لوگ بندھوا مزدور بن کر رہیں، یہ ایک بڑی سازش رچی جا رہی ہے۔  یہ حکومت ملک کو مزدوروں کا ملک بنانا چاہتی ہے کیونکہ صنعتعوں میں مزدوروں کی بہت کمی ہے جسے یہ پورا کرنا اس کی مجبوری ہے۔

اس موقع پر لارینس بشنوؑئی کے سلسلے میں پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں راکیش ٹکیت نے کہا کہ اگر بشنوئی سماج سے معافی مانگنے پر کوئی معاملہ حل ہو جاتا ہے تو اس میں بُرائی کیا ہے۔ اگر جانے انجانے میں کوئی غلطی ہو گئی ہے تو سلمان خان کو معافی مانگ لینے میں کیا جاتا ہے۔

قابل ذکر ہے کہ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کسانوں کو مفت بجلی دینے کا اعلان کیا تھا جس میں بندیل کھنڈ کے کسانوں کو 1300 یونٹ ہر مہینہ اور دیگر اضلاع کے کسانوں کے لیے 1045 یونٹ بجلی مفت دینے کا وعدہ کیا گیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔