بی جے پی کے جلسہ میں پی ایم مودی کی جگہ راہل گاندھی کا بول بالا! این ڈی اے لیڈران کی ہنسی چھوٹ پڑی، دیکھیں ویڈیو
لوگوں سے جب پوچھا گیا کہ آپ ملک کی باگ ڈور نریندر مودی کے ہاتھوں میں دینا چاہتے ہیں یا راہل گاندھی کے؟ تو مجع سے بلند آواز آئی ’راہل گاندھی‘۔ یہ سن کراسٹیج پرموجود تمام لیڈران ہنستے ہوئے دکھائی دیے۔
لوک سبھا انتخابات کے دو مرحلوں کی ووٹنگ ہو چکی ہے اور اب تیسرے مرحلے کی تیاریاں زور و شور سے جاری ہیں۔ پہلے اور دوسرے مرحلوں میں عوامی رجحان کو دیکھتے ہوئے بی جے پی لیڈران اب اس الیکشن کو مودی بمقابلہ راہل گاندھی بنانے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔ وہ اپنے امیدوار یا اس کی سماجی خدمات پر ووٹ مانگنے کے بجائے براہ راست مودی کے نام پر ووٹ مانگنے لگے ہیں۔ مگر مودی کے نام پر ووٹ مانگنے کے دوران اب عوام اعلانیہ طور پر ملک کی زمام کار راہل گاندھی کے ہاتھوں میں دینے کا اعلان کرنے لگی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یورپ میں مہاجر بچوں کی بڑھتی گمشدگی
کچھ ایسا ہی معاملہ مہاراشٹر کے شہر کولہاپور میں دیکھنے کو ملا ہے۔ یہاں بی جے پی کی ایک تقریب کے دوران مودی کی جگہ راہل کی حمایت میں آواز بلند ہوتا ہوا دکھائی دیا۔ اس واقعہ سے نہ صرف یہ واضح ہو رہا کہ عوام میں راہل گاندھی کی مقبولیت کس حد تک بڑھی ہوئی ہے بلکہ یہ بات بھی سامنے آ جاتی ہے کہ اب لوگ کھل کر مودی کو مسترد کرنے لگے ہیں۔ معاملہ کولہاپور کے کاگل کا ہے جہاں آج (یکم مئی) بی جے پی کی اتحادی پارٹی شیوسینا (ایکناتھ شندے) کے امیدوار سنجے منڈلک کی حمایت میں انتخابی جلسہ کا انعقاد ہوا۔ اس جلسے میں کاگل کے رکن اسمبلی و ریاستی کابینہ کے وزیر حسن مشرف، رکن پارلیمنٹ دھننجے مہاڈک، بی جے پی لیڈر اکھلیش سنگھ گھاڈگے اور ان کی بہن شومیکا مہاڈک خاص طور سے شریک ہوئیں۔
شومیکا مہاڈک نے دورانِ خطاب وہاں پر موجود لوگوں سے یہ پوچھا کہ آپ اس ملک کی باگ ڈور نریندر مودی کے ہاتھوں میں دینا چاہتے ہیں یا راہل گاندھی کے؟ اس سوال پر مجع میں سے نہایت بلند آواز آئی ’راہل گاندھی کے ہاتھوں میں‘۔ یہ سن کر اسٹیج پر موجود لیڈران کی ہنسی چھوٹ گئی، اور وہ حیران بھی ہوئے۔ اس واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ شومیکا مہاڈک کے ذریعے پوچھے گئے سوال کا جواب ’راہل گاندھی‘ ملنے پر نہ صرف شومیکا مہاڈک بلکہ اسٹیج پر بیٹھے ہوئے دیگر مقررین پر بھی خفت طاری ہو جاتی ہے اور وہ اسے چھپانے کے لیے ہنسنے لگتے ہیں۔ اس واقعے سے یہ اندازہ لگانا مشکل نہیں کہ عوام میں راہل گاندھی کی کتنی مقبولیت ہے۔ یہ پورا جلسہ بی جے پی امیدوار کے حق میں تھا مگر یہاں پر بھی لوگوں پر راہل گاندھی کا جادو سر چڑھ کر بولتا نظر آیا۔
سوشل میڈیا پر اس ویڈیو کے وائرل ہونے کے بعد اس پر نہایت دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔ یوتھ کانگریس کے صدر شری نواس بی وی نے اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’ریلی بی جے پی کی لیکن چاہنے والے راہل کے‘‘۔ اسی طرح پرتیک پاٹل نامی ایک صارف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر اس ویڈیو کو شیئر کرتے ہوئے لکھا ہے کہ ’’بی جے پی کے لیڈر پوچھتے ہیں کہ آپ مودی کے ہاتھوں میں ملک دیں گے یا راہل گاندھی کے؟ عوام اس کا جواب دیتی ہے- راہل گاندھی کے۔ بی جے پی کے لیڈروں کو اب تقریر کرنا بھی مشکل ہو رہا ہے۔‘‘ اس کے علاوہ مراٹھی نیوز پورٹلس پر بھی یہ ویڈیو وائرل ہو رہی ہے۔ لوک مت، میکس مہاراشٹر اور سام ٹی وی وغیرہ کے یوٹیوب چینلس پر یہ ویڈیو خوب دیکھی جا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔