خصوصی این آئی اے جج کے ہر سوال کے جواب میں پرگیہ ٹھاکر نے کہا ’معلوم نہیں‘
این آئی اے جج نے پرگیہ سے سوال پوچھا کہ کیا جانتی ہیں یا آپ کے وکیل نے آپ کو اس کے بارے میں بتایا ہے کہ استغاثہ نے اب تک کتنے گواہوں کی جانچ پڑتال کی ہے؟۔ جس پرانہوں نے جواب دیا، ’’مجھے نہیں معلوم‘‘۔
ممبئی مالیگاؤں دھماکوں کی ملزمہ اور بھوپال سے بی جے پی کے رہنما پرگیہ سنگھ ٹھاکر جمعہ دوپہر ممبئی کی خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش ہوئیں، اس دوران جج نے ان سے دو سوال پوچھے۔ جس کا انہوں نے، 'مجھے نہیں معلوم' کہہ کر جواب دیا۔ پرگیہ ٹھاکر کو جمعرات کے روز ہی عدالت میں پیش ہونا تھا، لیکن بیماری کی وجہ سے وہ ممبئی نہیں پہنچ سکی تھیں۔
مالیگاؤں دھماکے کیس کی سماعت کے دوران این آئی اے جج نے پرگیہ ٹھاکر سے پہلا سوال پوچھا کہ کیا آپ جانتی ہیں یا آپ کے وکیل نے آپ کو اس کے بارے میں بتایا ہے کہ استغاثہ نے اب تک کتنے گواہوں کی جانچ پڑتال کی ہے؟۔ جس پر پرگیہ ٹھاکر نے جواب دیا، ’’مجھے نہیں معلوم‘‘۔
این آئی اے جج نے پرگیہ ٹھاکر سے دوسرا سوال پوچھا کہ ’’اب تک کے تمام گواہوں نے کہا ہے کہ 29 ستمبر 2008 کو مالیگاؤں میں ایک دھماکہ ہوا تھا، جس میں کئی لوگوں کی موت واقع ہو گئی تھی، اس بارے میں آپ کا کیا کہنا ہے؟ ’’اس پر بھی پرگیہ ٹھاکر نے جواب دیا، ’’مجھے نہیں معلوم‘‘۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز بھوپال سے نو منتخب رکن پارلیمنٹ اور مالیگاؤں دھماکے کی ملزمہ پرگیہ ٹھاکر کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا، حالانکہ بعد میں انہیں چھٹی بھی دے دی گئی۔
بتا دیں کہ پرگیہ ٹھاکر 2008 کے مالیگاؤں دھماکے کیس میں ملزم ہیں اور انہیں ممبئی کی ایک خصوصی این آئی اے عدالت میں ہر ہٖفتے پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے، چونکہ وہ کل عدالت میں پیش نہیں ہوسکی تھیں اس لئے وہ آج خصوصی این آئی اے عدالت میں پیش ہوئیں تھیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 07 Jun 2019, 4:10 PM