دہلی میں پھر اختیارات کی جنگ! مرکز نے کیجریوال حکومت کی ’گھر گھر راشن اسکیم‘ پر لگائی روک
مرکزی حکومت نے دہلی حکومت کی ڈور اسٹیپ ڈلیوری کے حوالہ سے دہلی کے سکریٹری غذائی ترسیل کو خط لکھا ہے اور اس منصوبہ پر روک لگانے کو کہا ہے
نئی دہلی: دہلی حکومت کی ایک اور اسکیم کے سبب اس کا مرکزی حکومت کے ساتھ تنازعہ پیدا ہوتا نظر آ رہا ہے۔ دراصل مرکزی حکومت نے دہلی حکومت کی اسکیم ’راشن کی ڈور اسٹیپ ڈلیوری‘ پر روک لگا دی ہے۔ دہلی میں 25 مارچ سے راشن کی ڈور اسٹیپ ڈلیوری اسکیم شروع ہونے والی تھی۔ دہلی حکومت اس اسکیم کو ’مکھیہ منتری گھر گھر راشن یوجنا‘ کے نام سے شروع کرنے جا رہی تھی، لیکن مرکزی حکومت نے اس اسکیم پر اعتراض ظاہر کیا ہے۔
مرکزی حکومت نے دہلی حکومت کے سیکرٹری غذائی ترسیل کو ایک خط لکھ کر کہا کہ اس منصوبہ کو شروع نہ کیا جائے۔ مرکز نے اس کے پیچھے فوڈ سکیورٹی ایکٹ کا حوالہ دیا۔ مرکزی حکومت کے مطابق، فوڈ سکیورٹی ایکٹ کے تحت مرکزی حکومت راشن فراہم کر دیتی ہے اس لئے اس منصوبہ میں دہلی حکومت تبدیلی نہ کرے۔ خیال رہے کہ دہلی کی کیجریوال حکومت اس منصوبہ کے لئے ٹینڈر بھی جاری کر چکی تھی اور 25 مارچ سے اس کو لانچ کیا جانا تھا۔
اس سے قبل کیجریوال حکومت نے کئی سرکاری منصوبوں کا فائدہ اٹھانے کے لئے ڈور اسٹیپ ڈلیوری سہولیت شروع کی تھی۔ گزشتہ سال کورونا کے درمیان یہ سہولت شروع کی گئی تھی، جس کے تحت دہلی کے باشندگان 50 روپے کی معمولی فیس پر ڈرائیونگ لائسنس یا میرج سرٹیفکیٹ جیسے دستاویز گھر پر ہی حاصل کر سکتے تھے۔ اس منصوبہ کے بعد حکومت نے راشت کی ڈور اسٹیپ ڈلیوری شروع کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔