نو منٹ لائٹیں بجھانے کے دوران محکمہ بجلی کے خدشات کا خیال رکھا جائے: پرینکا گاندھی

پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہا، جب ملک کورونا کے خلاف جنگ میں یکجہتی کا اظہار کر رہا ہے تو توقع ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پاور گرڈ اور انجینئروں کے خدشات کا بھی خیال رکھا جائے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ہفتے کے روز کہا کہ پاور گرڈ کے خدشات کا خیال رکھنا چاہیے، تاکہ بجلی کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ ہو۔ پرینکا گاندھی کا یہ بیان وزیر اعظم نریندر مودی کے ذریعے لوگوں سے کی گئی اس اپیل کے ایک دن بعد آیا ہے، جس میں انہوں نے ملک کے شہریوں سے کہا ہے کہ وہ اتوار کی رات 9 بجے اپنے گھروں کی لائٹوں کو بند کر دیں اور نو منٹ کے لئے چراغ یا موم بتی جلائیں۔

پرینکا گاندھی نے ایک ٹوئٹ میں کہا، جب ملک کورونا کے خلاف جنگ میں یکجہتی کا اظہار کررہا ہے تو توقع ہے کہ مرکزی حکومت کی جانب سے پاور گرڈ اور انجینئروں کے خدشات کا بھی خیال رکھا جائے تاکہ بحران اور ضرورت کے وقت بجلی کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ پیش نہ آئے۔


پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ کے ساتھ ایک خبر بھی منسلک کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایک ہی وقت میں ملک بھر میں لائٹس بند کرنے سے پاور گرڈ فیل ہو سکتا ہے جس سے بلیک آؤٹ کا امکان پیدا ہو سکتا ہے۔

وہیں کانگریس پارٹی کے رہنما اور مہاراشٹر کے وزیر توانائی نتن راؤت نے جمعہ کے روز ایک بیان میں اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ نو منٹ کے لئے بیک وقت لائٹس بند کرنے سے ملٹی اسٹیٹ گرڈ فیل ہو سکتی ہے اور اس کے نتیجے میں پورے ملک میں بلیک آؤٹ ہو سکتا ہے۔ اپنے بیان میں راؤت نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس صورتحال سے بچنے کے لئے 5 اپریل کو چراغ اور موم بتیاں روشن کرتے وقت گھر میں ضروری لائٹس بھی جلائے رکھیں۔


راؤت نے کہا کہ بیک وقت لائٹیں بند کرنے سے بجلی کی طلب میں کمی آ سکتی ہے، اگر نو منٹ کے لئے ایک بار میں تمام لائٹیں بند ہو جاتی ہیں تو ملک بھر میں بلیک آؤٹ کے نتیجہ میں گرڈ فیل ہونے کا امکان ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 04 Apr 2020, 6:11 PM