جموں وکشمیر میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے :غلام نبی آزاد
جموں وکشمیر میں اس وقت تین قسم کے بے روزگار ہیں تعلیم یافتہ ، ہنر مند اور غیر ہنر مند تینوں کو روزگار فراہم کرنے کی ضرورت ہے۔
ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی کے سربراہ غلام نبی آزاد نے اتوار کے روز کہاکہ جموں وکشمیر میں بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لئے کام کریں گے ۔انہوں نے بتایا کہ نئے جموں وکشمیر کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے کی خاطر ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ ان باتوں کا اظہار موصوف نے ڈورو اننت ناگ میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کے دوران کیا۔
انہوں نے کہاکہ اگر ڈیموکریٹک پروگریسو آزاد پارٹی حکومت بنانے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو جموں وکشمیر میں بے روزگاری اور غربت کے خاتمے کے لئے کام کریں گے۔
انہوں نے کہاکہ میں تمام تعلیم یافتہ نوجوانوں کے لئے نوکریوں کا وعدہ نہیں کر سکتا لیکن اتنا ضرور ہے کہ ان کے لئے روزی روٹی کے مواقع پیدا کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ آزاد نے کہاکہ جموں وکشمیر میں غربت اور بے روزگاری میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے کہاکہ جموں وکشمیر میں اس وقت تین قسم کے بے روزگار ہیں تعلیم یافتہ ، ہنر مند اور غیر ہنر مند تینوں کو روزگار فراہم کرنے کی خاطر زمینی سطح پر اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ غلام نبی آزاد نے کہاکہ بطور وزیرا علیٰ ٹیولیپ گارڈن بنایا جو آج سیاحوں کی توجہ کا مرکز بنا ہوا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بطور وزیراعلیٰ بہت ساری اسکیموں کو لاگو کیا اور ان اسکیموں سے بے روزگار نوجوان مستفید ہوئے ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ بطور وزیرا علیٰ ہاتھ میں لئے گئے پروجیکٹوں کووقت مقررہ کے اندرا ندر مکمل کیا اور ٹرپل شفٹ کا نظام متعارف کرایا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔