اتر پردیش: نالہ تعمیر کو لے کر ہوئے تنازعہ میں چوکی انچارج معطل، 7 پولیس اہلکار لائن حاضر

نالہ تعمیر کو لے کر ایس پی (کرائم) سے پورے معاملے کی جانچ کرائی گئی جس میں پتہ چلا کہ پولیس کی جانب سے کی گئی کاروائی میں مقامی افراد کے ساتھ کچھ زیادتی ہوئی ہے۔

اتر پردیش پولیس
اتر پردیش پولیس
user

یو این آئی

اٹاوہ: اتر پردیش کے ضلع اٹاوہ کے اہیری پور کے بکیور علاقے میں نالہ تعمیر کے سلسلے میں ہوئے تنازع کے معاملے میں پولیس کی مقامی افراد کے خلاف مبینہ زیادتی کے الزام میں اہیریپور چوکی انچارج کو معطل کرنے کے ساتھ ساتھ 7پولیس اہلکاروں کو لائن حاضر کردیا گیا ہے۔

سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس آکاش تومر نے پیر کو یہاں بتایا کہ بکیور تھانہ علاقے کے اہیریپور میں ایک نالہ تعمیر کے سلسلے میں ہوئے تنازع کے بعد کئی لوگوں کے خلاف سنگین دفعات میں مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کئی لوگوں کی گرفتاری بھی کی گئی ہے۔ اس کارروائی کے خلاف سیاسی مداخلت کے ذریعہ پولیس کے کارروائی کی مخالفت کی گئی ہے۔


آکاش تومر نے مزید بتایا کہ اسی مخالفت کے بموجب ایس پی (کرائم) سے پورے معاملے کی جانچ کرائی گئی جس میں پتا چلا کہ پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی میں مقامی افراد کے ساتھی کچھ زیادتی ہوئی ہے۔ جس کا نوٹس لیتے ہوئے اس معاملے میں چوکی انچارج ہیمنت سولنکی کو فوری اثر سے معطل کردیا جبکہ چوکی میں تعینات پولیس اہلکار سنتوش کمار، رونیت کمار، راہل کمار، پرمود سنگھ، سنیل کمار، یوگیش کمار، رجت کمار کو لائن حاضر کر کے پورے معاملے کی تفصیلی جانچ رپورٹ کے لئے ایس پی (کرائم) گیانیندر ناتھ پرساد کو اس کی ذمہ داری دی گئی ہے۔

قابل ذکر ہے کہ بکیور علاقے کے اہیریپور چوکی علاقے میں ایک سرکاری نالے کی تعمیر کو سلسلے میں ہوئے تنازع کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے کئی لیڈروں کے ساتھ ساتھ متعدد مقامی افراد کے خلاف وبائی ایکٹ کے تحت سنگین دفعات میں مقدمہ درج کیا تھا۔ اس معاملے میں پولیس نے سات افراد کو گرفتار کر کے جیل بھی بھیج دیا ہے۔ پولیس کی اس کارروائی سے بی جے پی کے کئی لیڈروں نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔


اٹاوہ کے بی جے پی کے سابق ضلع صدر شیوم دوبے نے تو پولیس کی اس کارروائی کو یک طرفہ بتاتے ہوئے پولیس کو شدید تنقیدوں کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سماج وادی حکومت میں بھی پولیس کا ایسا رویہ نہیں دیکھا جیسا آج بی جے پی کے کارکنوں کے ساتھ پولیس نے کیا ہے۔ اس معاملے میں بی جے پی رکن پارلیمان راما شنکر کٹھیریا ودیگر افراد نے موقع پر پہنچ کر مقامی افراد سے بات چیت کی تھی۔ جس کے بعد ایس ایس پی حرکت میں آئے اور پولیس پر مبینہ زیادتی کا الزام لگاتے ہوئے سات اہلکاروں کے خلاف ایکشن لے لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Jul 2020, 4:35 PM