لاک ڈاؤن میں غربا پریشان، جمعیۃ علماء ضلعی یونٹ مدد کے لیے آگے آئیں: مولانا محمود مدنی

مولانا محمود مدنی کا کہنا ہے کہ ”آج جو حالات ہیں اور جس وسیع پیمانے پر عام مزدوروں کے سامنے بنیادی ضروریات کو لے کر دشواری کھڑی ہوئی ہے، اس میں لوگوں کو سرکاری امداد کے سہارے نہیں چھوڑ ا جاسکتا۔“

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان میں کورونا وائرس کے پھیلتے اثرات اور عوام، خصوصاً غریبوں کی بڑھتی پریشانیوں کے درمیان جمعیۃ علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا محمود مدنی نے اپنے ایک پیغام میں جمعیۃ علماء کی سبھی ضلعی یونٹوں کو متوجہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں ضرور ت مندوں کی ہر ممکن مدد کریں۔ انھوں نے کہا کہ "ملک میں جاری لاک ڈاؤن کا آج بیسواں دن ہے، جیسے جیسے دن گزرتا جارہاہے، یومیہ مزدور اور غریبوں کے مسائل میں بھی اضافہ ہونے کا اندیشہ ہے۔"

مولانا مدنی نے اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے کہا کہ "آج جو حالات ہیں اور جس وسیع پیمانے پر عام مزدوروں کے سامنے بنیادی ضروریات کو لے کر دشواری کھڑی ہوئی ہے، اس میں لوگوں کو سرکاری امداد کے سہارے نہیں چھوڑ ا جاسکتا بلکہ دینی و انسانی فریضہ کو سامنے رکھتے ہوئے بحیثیت ایک ذمہ دار ہندستانی اور بالخصوص ایک مسلمان ہمیں بلا تفریق انسانیت لوگوں کی مدد کرنی چاہیے۔" انھوں نے مزید کہا کہ "ہندوستان کے مسلمانوں نے ا س ملک کے لیے ہمیشہ برادران وطن کے شانہ بشانہ کھڑے ہو کر کام کیا ہے۔آج کا وقت بھی ہم سے اسی اخلاص و جذبے سے اپنی ذمہ داریوں کی تکمیل کا تقاضا کررہا ہے۔" اپنے پیغام میں مولانا مدنی نے جماعتی احباب سے بھی گزارش کی کہ وہ پختہ عزم کریں کہ جس بھی ضلع میں ہوں، اس ضلع میں کوئی بھوکا نہ سوئے۔


واضح رہے کہ لاک ڈاؤ ن کے اول دن سے ہی جمعیۃ علماء ہند مزدوروں اور غریبو ں کے لیے ملک گیر سطح پرکام کررہی ہے۔ اس سلسلے میں جمعیۃ علماء ہند کی سبھی یونٹیں اپنے اپنے علاقوں میں ضرورت مند خاندانوں تک راشن کٹس اور بے یارو مددگار لوگوں کے درمیان پکا ہوا کھانا تقسیم کررہی ہیں۔ملک کی راجدھانی دہلی میں پانچ ہزار راشن کٹس تقسیم کی جاچکی ہیں اور مزید تیار کرکے، شیووہار، جعفر آباد، گوکل پوری، بوانہ، روہنی، نجف گڑھ جیسے باہری دہلی کے علاقوں میں بھیجی جارہی ہیں: ان میں سے 722 کٹس غیر مسلم خاندانوں میں دی گئیں ہیں، دہلی میں دو طرح کی جگہیں ہیں... ایک جگہ تو وہ ہے جہاں فسادمتاثرین رہتے ہیں، ان کی اپنی دشواری ہے، اور دوسری جگہ لاک ڈاؤن کے حالات کے مارے لوگ ہیں۔ جمعیۃ علماء ہند کے خدام بیک وقت ان دونوں جگہوں پر پہنچ رہے ہیں۔

اسی طرح ملک کے دوسرے میٹرو اور کوسموپولیٹن شہروں مثلاً ممبئی، بنگلور، حیدرآباد، چینئ، کلکتہ، چندھی گڑھ، ترو آنند پورم وغیرہ میں خصوصی طور سے کام کیا جارہا ہے:مرکزی دفتر کو ریاستوں سے موصول رپورٹ کے مطابق اب تک نوے ہزار تین سو چودہ راشن کٹس 90314تقسیم کی جاچکی ہیں جب کہ یومیہ پچاس ہزار افراد کو پکا ہوا کھانا کھلایا جارہا رہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔