’غریب کو نئی جگہ پر نئے راشن کارڈ کی ضرورت نہیں‘

صارفین امور کے وزیر پیوش گوئل نے لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ غریب کو مفت راشن ملک میں ہر جگہ دستیاب کرایا جا رہا ہے۔ ان کے لئے نئی جگہ جانے پر نیا راشن کارڈ بنانا ضروری نہیں ہے۔

علامتی تصویر
علامتی تصویر
user

یو این آئی

نئی دہلی: حکومت نے کہا کہ ملک میں غریبوں کو نئی جگہ جانے پر نیا راشن کارڈ بنوانے کی ضرورت نہیں ہے، انہیں صرف اپنا آدھار کارڈ نمبر یاد رکھنا ہے اور وہ جہاں بھی جائیں گے، وہاں انہیں بایومیٹرک نظام کے تحت پہچان درج کرکے سستی شرح پر راشن دستیاب ہوجائے گا، صارفین امور کے وزیر پیوش گوئل نے بدھ کو لوک سبھا میں ایک ضمنی سوال کے جواب میں کہا کہ غریب کو مفت راشن ملک میں ہر جگہ دستیاب کرایا جا رہا ہے۔ ان کے لئے نئی جگہ جانے پر نیا راشن کارڈ بنانا ضروری نہیں ہے بلکہ وہاں راشن کی دکان پر بایومیٹرک طریقہ سے اپنی شناخت بتاکر آسانی سے حاصل کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ سہولت پورے ملک میں نافذ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آسام میں کچھ تکنیکی اسباب سے دقت آئی تھی لیکن اب وہاں یہ دقت ٹھیک ہوگئی ہے۔ وہاں بھی تیزی سے اس نظام کو اب نافذ کیا جا رہا ہے۔ پیوش گوئل نے کہا کہ ملک میں 97 فیصد راشن کارڈ ہولڈروں کو اس نظام سے جوڑا جاچکا ہے۔ ملک میں 80 کروڑ راشن کارڈ ہولڈروں میں سے 77 کروڑ کو یہ سہولت دی جا رہی ہے۔


انہوں نے کہا کہ پردھان منتری اننا یوجنا کے تحت غریبوں کو پانچ کلو اضافی راشن دیا جا رہا ہے اور یہ راشن بھی ہر غریب کو ملک میں ’ون نیشن ون راشن کارڈ‘ اسکیم کے تحت تمام جگہ دستیاب کرایا جارہا ہے۔ غریبوں کے اکاؤنٹ میں سیدھے پیسے ڈالنے سے متعلق ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اس بارے میں تکنیکی پہلوؤں کے ساتھ ہی دیگر کئی امور پر غور و خوض ہوا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔