جموں و کشمیر: پلوامہ، شوپیاں اور لداخ میں 6 مئی کو ووٹنگ، 1254 پولنگ مراکز قائم
جموں وکشمیر میں 6 مئی کو پارلیمانی انتخابات کے آخری مرحلے کے تحت 6.97 لاکھ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
سری نگر: جموں وکشمیر میں 6 مئی کو پارلیمانی انتخابات کے آخری مرحلے کے تحت 6.97 لاکھ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ آخری مرحلے میں لداخ پارلیمانی حلقہ اور اننت ناگ پارلیمانی حلقے کے پلوامہ و شوپیاں اضلاع میں لگ بھگ 697,148 رائے دہندگان اپنے ووٹ کا استعمال کریں گے۔ ان میں 357,879 مرد ، 335,799 خواتین، 3,456 سروس ووٹر (3401مرد اور 55خواتین) کے علاوہ 4 خواجہ سرا شامل ہیں۔
ان حلقہ انتخاب میں احسن طریقے پر انتخابی عمل یقینی بنانے کے لئے الیکشن کمیشن آف انڈیا نے ان علاقوں میں 1254پولنگ مراکز قائم کئے ہیں۔ لداخ پارلیمانی حلقے میں دو اضلاع لیہہ اور کرگل شامل ہیں۔ کرگل ضلع کے دو اسمبلی حلقے کرگل اور زانسکار جبکہ لیہہ ضلع کے نوبرا اور لیہہ اسمبلی حلقو ں پر مشتمل ہے۔
لداخ حلقہ انتخاب میں 174,618ووٹر ہیں ان میں سے 86,752 مرد ،85,064 خواتین، 2799 سروس ووٹر (2755 مرد اور 44خواتین) کے علاوہ تین خواجہ سرا شامل ہیں۔ ای سی آئی نے پورے حلقے میں 559 پولنگ مراکز قائم کئے ہیں۔
کرگل ضلع کے 87,781 رائے دہندگان میں 44,057 مرد ،42,405 خواتین، 1,318سروس ووٹر ( 1,315مرداور تین خواتین) کے علاوہ ایک خواجہ سرا ووٹر ہے۔ اسی طر ح لیہہ ضلع کے 86,827 رائے دہندگان میں 42,695 مرد، 42,659 خواتین،1481سروس ووٹر ( 1440مرد اور 41خواتین) کے علاوہ دو خواجہ سرا ووٹر ہیں۔ الیکشن حکام نے ضلع بھر میں انتخابات احسن طریقے منعقد کرنے کے لئے 294 پولنگ مراکز قائم کئے ہیں۔
ای سی آئی نے لیہہ ( گائیک) اور نوبرا ( واشی) حلقوں میں دو پولنگ مراکز قائم کئے ہیں جہاں صرف 7 رائے دہندگان موجود ہیں جبکہ لیہہ ( شینام) جہاں سب سے زیادہ 1301 رائے دہندگان موجود ہیں میں بھی پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ انلےفو ( چانگ تھانگ ) جو لیہہ ضلع کا سب سے زیادہ 15,000 فٹ اونچائی پر واقع پولنگ مرکز قائم کیا گیا ہے۔ یہ مرکز ایل اے سی سے صرف 50 میٹر کی دوری پر قائم کیا گیا ہے۔
جن امید واروں نے ان انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا ہے اُن میں انڈین نیشنل کانگریس (آئی این سی ) کے ریگزن سپالبار، بی جے پی کے جمیانگ ژیرنگ نمگیال اور آزاد امیدوار اصغرعلی کربلائی اور سجاد حسین شامل ہیں۔اس حلقہ اِنتخاب کے لئے ووٹر ڈالنے کا وقت صبح 7 بجے سے شام 6 بجے تک مقرر کیا گیا ہے۔ اننت ناگ پارلیمانی حلقہ کے لئے تیسرے مرحلے کے انتخابات کے آخر پر وادی کشمیر کے دو اضلاع پلوامہ اور شوپیاں بھی انتخابات میں شامل ہو رہے ہیں۔
پلوامہ اور شوپیاں کے دو اضلاع 6 اسمبلی حلقوں پر محیط ہیں جن میں ترال، پانپور، پلوامہ، راجپورہ، وچی اور شوپیاں علاقے شامل ہیں۔ ان اضلاع میں انتخابات احسن طریقے پر منعقد کرنے کے لئے 695 پولنگ مراکز قائم کئے گئے ہیں۔ان اضلاع میں 522,530 رائے دہندگان ہیں جن میں 271,127 مرد ، 250,735 خواتین ،657 سروس ووٹر ( 646مرد اور 11 خواتین ) کے علاوہ 11 خوا جہ سرا شامل ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 05 May 2019, 12:10 PM