خواتین کے تئیں جنسی جرائم کی سیاسی ذمہ داری طے ہو: کانگریس

کانگریس نے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم کے لئے سیاسی ذمہ داری طے کی جانی چاہئے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

نئی دہلی: کانگریس نے ملک، بالخصوص اترپردیش میں خواتین اور بچوں کے تئیں بڑھتے ہوئے جنسی استحصال کے لئے مرکزی حکومت اور ریاستی حکومت کی سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایسے جرائم کے لئے سیاسی ذمہ داری طے کی جانی چاہئے اور قصورواروں کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔

کانگریس کی ترجمان راگنی نائک نے یہاں پارٹی ہیڈکوارٹر میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت کے دوران خواتین اور بچوں کے خلاف جنسی جرائم میں کافی اضافہ ہوا ہے۔انہوں نے اناؤ عصمت دری معاملہ، چنميانندمعاملہ اور اسکولوں میں بچوں کے ساتھ جنسی استحصال کے معاملات کا ذکر کرتے ہوئے اترپردیش میں جنسی جرائم کے اعداد و شمار بھی پیش کئے۔


نائک نے الزام لگایا کہ اناؤ عصمت دری معاملے کے ملزمین کو بی جے پی کے لیڈروں کا تحفظ حاصل ہے اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ملزم سے ملنے جیل میں جاتے ہیں اور تسلی دیتے ہیں۔. چنمیانند معاملے میں متاثرہ سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے جبکہ ملزم سے کوئی پوچھ گچھ نہیں کی گئی ہے۔ اس معاملے کی متاثرہ کے والد کو پولیس، انتظامیہ اور بی جے پی کے لیڈر دھمکی دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں عصمت دری کے ملزم کو سیاسی تحفظ فراہم کیا جا رہا ہے لہذا ایسے جرائم کے لئے سیاسی ذمہ داری بھی طے کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ چنميانند معاملے کی متاثرہ اور اس کے اہل خانہ کو تحفظ فراہم کیا جانا چاہیے۔


پریس کانفرنس میں متاثرہ کاایک ویڈیو بھی دکھایا گیا جس میں وہ اپنی اور اپنے اہل خانہ کی جان كا خطرہ بتا کر ملزم کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کر رہی ہے۔ متاثرہ کا کہنا ہے کہ اس کے معاملے کی ایف آئی آر اترپردیش کے شاہجہاں پور میں درج کی جائے اور اس پر کارروائی ہونی چاہئے۔ واضح رہے کہ سوامی چنميانند بی جے پی کے سینئر لیڈر ہیں اور مرکز میں وزیر رہ چکے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔