امت شاہ، یدی یورپا جیسے کئی بڑے سیاسی رہنما کورونا متاثر، اسپتال میں داخل
مرکزی وزیر داخلہ، کرناٹک کے وزیر اعلی اور تمل ناڈو کے گورنر سمیت کئی بڑے سیاسی رہنما کورونا پازیٹو پائے گئے ہیں، اتر پردیش کی خاتون وزیر کا کورونا کے سبب انتقال ہو گیا ہے
ہندوستان میں کورونا وبا خطرناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے اور اس نے اب ملک کے بڑےسیاستداں کو اپنی چپیٹ میں لے لیا ہے۔ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ ، کرناٹک کے وزیر اعلی بی ایس یدی یورپا اور تمل ناڈو کے گورنر بنواری لال پروہت کورونا متاثر پائے گئے ہیں اور وہ زیر علاج ہیں ۔
واضح رہے کل یعنی اتوار کو اتر پردیش کی وزیر برائے تکنیکی تعلیم کمل رانی ورون کا کورونا کی وجہ سے انتقال ہو گیا ۔ ان کو 18جولائی کو جانچ کے بعد اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ ادھر مدھیہ پردیش کے وزیر اعلی شیو راج سنگھ چوہان بھی کورونا متاثر پائے گئے تھے جس کے بعد ان کو اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ادھر خبر ہے کہ آگرہ کے رکن اسمبلی کے گھر کے سات لوگ کورونا متاثر پائے گئے ہیں۔
واضح رہے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ گروگرام کے میدانتا اسپتال میں زیر علاج ہیں ۔ انہوں نے کل خود ٹویٹ کر کے اطلاع دی تھی کہ جانچ میں وہ کورونا متاثر پائے گئے ہیں اس لئے گزشتہ کچھ دنوں میں جو لوگ بھی ان سے رابطہ میں آئے ہیں وہ اپنی کورونا جانچ کرا لیں۔ راہل گاندھی سمیت کئی بڑے سیاسی رہنماؤں نے امت شاہ کےجلدصحت یاب ہونے کی دعا کی ہے۔
کرناٹک کے وزیراعلی بی ایس یدی یو رپا نے بھی ٹویٹ کر کےاطلاع دی کہ وہ جانچ کے بعد کورونا متاثر پائے گئے ہیں لیکن وہ بالکل ٹھیک ہیں اوربطوراحتیاط وہ ڈاکٹروں کےکہنےپراسپتال میں داخل ہورہے ہیں اوراس دوران جو بھی لوگ ان سے رابطہ میں آئے ہیں وہ اپنی جانچ کروا لیں۔واضح رہے جون ماہ میں مغربی بنگال کے60 سالہ رکن اسمبلی تمونش گھوش کاکورونا کی وجہ سے انتقال ہوگیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔