کورونا وائرس کے خلاف پولیس افسر کا انوکھا مگر دلکش طریقہ

“ہے اگر دشمن کورونا غم نہیں، کوئی آئے نا، کوئی جائے نا کہیں، گھر میں ہی رہو تم، گھر میں نا آ پائے کورونا اس میں دم نہیں”

سوشل میڈیا
سوشل میڈیا
user

یو این آئی

کورونا قہر کے خلاف جاری جنگ کو جیتنے کے لئے حکومت یا انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ احتیاطی تدابیر کو عوام تک پہنچانے کے لئے صوبہ جموں میں تعینات ایک پولیس افسر نے ایک انوکھا مگر دلکش طریقہ اختیار کیا ہے۔

اسسٹنٹ سب انسپکٹر رام پرکاش اپنی خوش الحان آواز میں اپنے ہی لکھی نظم پڑھ کر لوگوں کو وائرس سے محفوظ رہنے کے بارے میں جانکاری بھی فراہم کرتے ہیں اور انہیں اس کے خلاف لڑنے کے لئے حوصلہ افزائی کرکے احتیاطی تدابیر پرعمل کرنے کی بھی تاکید و تلقین کرتے ہیں۔


سوشل میڈیا پر گردش کررہا رام پرکاش کا ویڈیو جس میں انہیں ایک بستی میں خوش الحان آواز میں شعر پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے اور ان کے ساتھی اور وہاں موجود دیگر لوگ بھی تالیاں بجاتے ہوئے دیکھے جاسکتے ہیں، کو نہ صرف عوامی حلقوں میں کافی مقبولیت حاصل ہوئی ہے بلکہ پولیس محکمہ بھی اپنے افسر کے اس طریقے پر خوش بھی ہے اور اس کو سراہتا بھی ہے۔

اس گیت کے بول "ہے اگر دشمن کورونا غم نہیں، کوئی آئے نا، کوئی جائے نا کہیں، گھر میں ہی رہو تم، گھر میں نا آ پائے کورونا اس میں دم نہیں" ہیں۔دریں اثنا ایک سینئر پولیس افسر نے موصوف اے ایس آئی کے لوگوں کو کورونا وائرس کے بارے میں جانکاری فراہم کرنے کے اس مثالی طریقے کو سراہتے ہوئے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ حکومت کی طرف سے وقتاً فوقتاً جاری کئے جارہے ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے لوگوں سے اس مصیبت کی گھڑی میں محتاجوں اور ضرورت مندوں کی مدد کرنے کی بھی اپیل کی۔


موصوف سینئر افسر نے کہا کہ رام پرکاش کی طرف سے متعارف کئے گئے اس انوکھے طریقے کے ثمر بخش نتائج سامنے آرہے ہیں اور لوگ گھروں میں بیٹھنے پر بخوشی راضی ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طریقہ کار سے بہ یک وقت دو فائدے نکلتے ہیں ایک لوگوں کو گھروں میں ہی بیٹھنے کے لئے کہا جاتا ہے اور دوسرا یہ کہ لوگوں کو کورو نا کے بارے میں ضروری جانکاری بھی فراہم کی جارہی ہے۔

موصوف افسر نے کہا کہ کورونا کے خلاف مقابلہ کرنے کے لئے گھروں میں بیٹھنا ہی فی الوقت سب سے موثر ہتھیار ہے اور جموں وکشمیر پولیس دیگر ایجنسیوں اور ایمرجنسی محکموں کے ساتھ مل کر لوگوں کو اس وائرس سے محفوظ رکھنے کے لئے ہمہ تن بر سر پیکار ہے۔


بتادیں کہ کورنا وائرس کے پیش نظر جموں وکشمیر میں گذشتہ زائد تین ہفتوں سے مکمل لاک داؤن جاری ہے اور لوگ گھروں سے باہر نکلنے میں حد درجہ احتیاط کررہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔