گجرات: مودی کی تنقید کرنے پر پولس اہلکار معطل
احمد آباد کے ایس پی کا کہنا ہے، ’’ ضلع پولس کے سائبر سیل کی جانچ کے بعد شندے کے خلاف کارروائی کی گئی۔‘‘
احمد آباد۔ گجرات میں مبینہ طور پر پولس اہلکار کی طرف سے وزیر اعظم نریندر مودی کی سوشل میڈیا پر تنقید کرنے پر اسے معطل کر دیا گیا ہے۔ خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق رمیش شندے نامی پولس اہلکار کانگریس کے رکن اسمبلی اور سابق وزیر بالا صاحب تھوراٹ کے محافظ کے طور پر تعینات تھا۔ پولس کے مطابق شندے نےحال ہی میں وزیر اعظم نریندر مودی کی واٹس ایپ پر تنقید کی تھی۔ پولس کاکہنا ہے کہ معاملہ کا سنجیدگی سے نوٹس لینے کے بعد ہی پولس اہلکار کو معطل کیا گیا ہے۔ احمد آباد کے پولس سپرٹنڈنٹ رنجن کمار شرما نے پی ٹی آئی سے کہا، ’’ ضلع پولس کے سائبر سیل کی جانچ کا تفصیلی معائنہ کیا گیا اس کے بعد شندے کے خلاف اتوار کو کارروائی کی گئی۔‘‘
حالانکہ ابھی تک یہ واضح نہیں ہو پایا ہے کہ شندے کو جس واٹس ایپ میسج کے لئے معطل کیا گیا ہے اس میں کیا لکھا تھا۔ معاملہ کس طرح سامنے آیا اور جانچ کے بعد کیا تفصیلات دی گئی ہیں اس کا بھی انکشاف ابھی نہیں ہو پایا ہے۔
گزشتہ ہفتہ بھی ایک فوجی نے نریندر مودی کی تنقید کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ وہ اس بار بی جے پی کو جیتنے نہیں دیگا۔ اس سے قبل کشمیر میں تعینات بی ایس ایف کے جوان تیج بہادر نے فیس بک پر فوجیوں کو فراہم کئے جانے والے کھانے میں گڑبڑی کو ویڈیو کے ذریعے دنیا کے سامنے رکھا تھا۔ اس کے بعد تیج بہاد رکو برخاست کر دیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں کئی سیکورٹی اہلکار اور فوجی حکومت کے رویہ کی تنقید کر چکے ہیں جس کے بعد انہیں محکمہ کی طرف سے کسی نہ کسی طرح سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمال کریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 16 Oct 2017, 10:55 AM