سرینگر میں اسپتال پر حملہ، ایک قیدی ملی ٹینٹ فرار، دو پولس اہلکار ہلاک
پولس اہلکار ایک ملی ٹینٹ کو ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں طبی معائنہ کے لئے لے کرگئے تھے، اچانک وہاں فائرنگ شروع ہو گئی اور دو پولس اہلکار ہلاک ہو گئے۔ فائرنگ میں ایک عام شہری بھی زخمی بتایا جا رہا ہے۔
سرینگر: جموں وکشمیر کی گرمائی دارالحکومت سری نگر میں واقع شری مہاراجہ ہری سنگھ اسپتال (ایس ایم ایچ ایس ) کے احاطے میں منگل کوجنگجوؤں کی پولیس پارٹی پر فائرنگ کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار ہلاک جبکہ ایک عام شہری زخمی ہو گیا ۔ فائرنگ کا یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب ریاستی پولیس کی ایک پارٹی سینٹرل جیل سری نگر میں مقید قیدیوں کے ایک گروپ کو چیک اپ کے لئے اسپتال لیکر آئی تھی۔ قیدیوں میں ایک پاکستانی جنگجو بھی شامل تھا، جو فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
ذرائع نے فرار ہونے والے جنگجو کی شناخت پاکستانی جنگجو نوید کے بطور کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لشکر طیبہ سے وابستہ نوید کو سال 2015 میں جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے بہی باغ نامی گاؤں میں گرفتار کیا گیا تھا۔ اسے سینٹرل جیل سری نگر میں مقید رکھا گیا تھا۔ فائرنگ کی وجہ سے سری نگر کے سب سے قدیم اور مصروف ترین ایس ایم ایچ ایس اسپتال میں افراتفری مچ گئی اور بیماروں و تیمارداروں کو محفوظ مقامات کی طرف دوڑتے ہوئے دیکھا گیا۔
مقامی میڈیا کی ایک رپورٹ میں وسطی کشمیر کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس غلام حسن بٹ کے حوالے سے کہا گیا ہے کہ پولیس پارٹی نے قریب سات قیدیوں کو چیک اپ کی غرض سے اسپتال لایا تھا۔ انہوں نے کہا ہے ’حملے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوئے جن میں سے ایک اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا‘۔ بعد میں دوسرا پولس اہلکار بھی ہلاک ہو گیا، زخمیوں میں ایک عام شہری بھی شامل ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ تین پولیس اہلکاروں پر مشتمل ایک ٹیم نوید سمیت متعدد قیدیوں کو چیک اپ کی غرض سے ایس ایم ایچ ایس اسپتال لیکر آئی جہاں مبینہ طور پر پہلے سے ہی کچھ جنگجو نوید کا انتظار کررہے تھے۔ انہوں نے بتایا ’جوں ہی پولیس اہلکار نوید کو لیکر اسپتال کے احاطے میں پہنچے تو جنگجوؤں نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی‘۔
ایک رپورٹ کے مطابق جنگجوؤں کی فائرنگ کے بعد نوید نے خود ایک پولیس اہلکار سے اس کی رائفل چھین لی اور فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگیا۔ جنگجوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکاروں سمیت 3 افراد زخمی ہوئے جن میں سے دو پولیس اہلکاروں نے دم توڑ دیا۔
ذرائع نے بتایا کہ اگرچہ فائرنگ کے واقعہ کے فوراً بعد ایس ایم ایچ ایس اسپتال اور اس کے نذدیکی علاقوں کو گھیرے میں لیا گیا، تاہم جنگجو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ جنگجو کے فرار ہونے کے بعد پورے ضلع سری نگر میں ریڈ الرٹ جاری کی گئی ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 06 Feb 2018, 12:59 PM