بہار: آکروش مارچ میں پولس لاٹھی چارج، اوپیندر کشواہا نے نتیش کمار کو بنایا تنقید کا نشانہ

این ڈی اے سے الگ ہوئی پارٹی آر ایل ایس پی کے سربراہ اوپیندر کشواہا نے وزیر اعلیٰ نتیش کمار پر الزام عائد کیا ہے کہ انھوں نے جن آکروش ریلی میں پولس کے ذریعہ لاٹھی چارج کروائی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

راشٹریہ لوک سمتا پارٹی (آر ایل ایس پی) کے ذریعہ 2 فروری کو بہار کی راجدھانی پٹنہ واقع جے پی گولمبر (گاندھی میدان) سے راج بھون تک’آکروش مارچ‘ کا اہتمام کیا گیا جس میں ریاست کے بدتر تعلیمی نظام کے خلاف خوب نعرے بازی ہوئی۔ اس مارچ میں آر ایل ایس پی کے سربراہ اوپیندر کشواہا بھی موجود تھے اور وزیر اعلیٰ نتیش کمار کی تعلیم سے متعلق پالیسیوں کی پرزور تنقید کر رہے تھے۔ اسی درمیان پولس نے لاٹھی چارج کر دیا جس کے سبب بھیڑ میں افرا تفری پھیل گئی۔ لاٹھی چارج میں اوپیندر کشواہا کو معمولی چوٹیں آئی ہیں اور کئی دیگر لوگوں کے معمولی طور پر زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

اس لاٹھی چارج کے بارے میں اوپیندر کشواہا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ’’نتیش کمار نے ہمارے لوگوں پر لاٹھی چلوائی ہے۔ اس لاٹھی چارج میں مجھ کو چوٹ لگی ہے اور ہمارے کئی ساتھیوں کو بھی چوٹیں آئی ہیں۔‘‘ لاٹھی چارج کے بعد ریلی میں ایک ہنگامہ کا ماحول پیدا ہو گیا اور کئی لوگ اس درمیان نتیش کمار کے خلاف نعرے بازی بھی کرتے ہوئے نظر آئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

دراصل بہار میں تعلیم کے معیار میں لگاتار گراوٹ دیکھنے کو مل رہی ہے اور اسی وجہ سے آر ایل ایس پی نے ’جن آکروش ریلی‘ نکالنے کا فیصلہ لیا تھا۔ آج صبح اس ریلی میں آر ایل ایس پی کارکنان سمیت عوام کی ایک بڑی تعداد بھی شریک ہوئی۔ اس ریلی میں ’نتیش کمار شرم کرو‘ کے نعرے بھی بلند کیے گئے اور ان سے اپیل کی گئی کہ ریاست میں بہتر تعلیم کا انتظام جلد سے جلد کیا جائے۔ بہار کے طلبا کے مستقبل کو برباد کرنے کے لیے بھی نتیش کمار کے خلاف ریلی میں نعرے بلند ہوئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

لاٹھی چارج سے قبل اوپیندر کشواہا نے بہار میں بہتر اور معیاری تعلیم کو یقینی بنانے کے لیے ہر ضروری قدم اٹھائے جانے کے عزم کا اظہار کیا اور کہا کہ ’’کسی بھی حال میں بہار کے نونہالوں کا مستقبل خراب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم تعلیم میں بہتر کریں گے... اور کر کے رہیں گے۔‘‘ یہاں قابل غور ہے کہ اوپیندر کشواہا بہار میں خراب ہوتے تعلیمی معیار کا ایشو اکثر اٹھاتے رہے ہیں اور این ڈی اے سے علیحدہ ہونے کے بعد انھوں نے نتیش کمار کے خلاف ریاست میں زبردست محاذ کھول رکھا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔