مغربی بنگال: پولس آپ کی دشمن ہے، اس کو نشانہ بنائیے... بی جے پی لیڈر

مغربی بنگال بی جے پی لیڈر کالوسونا نے کارکنان سے کہا کہ ’’ٹی ایم سی کارکنان کو نقصان مت پہنچائیے، ورنہ آپ کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ آپ کی دشمن پولس ہے، اس کو نشانہ بنائیے اور نقصان پہنچائیے۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

مغربی بنگال میں بی جے پی لیڈروں کے متنازعہ بیانات کا سلسلہ لگاتار تیز ہوتا جا رہا ہے۔ لوک سبھا انتخابات جیسے جیسے قریب آتے جا رہے ہیں، بیانات میں تلخی اور تشدد کے عناصر بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔ تازہ بیان 6 جنوری کا ہے جس میں مغربی بنگال بی جے پی لیڈر کالوسونا منڈل نے پارٹی کارکنان سے پولس کو نشانہ بنانے کی تلقین کر ڈالی ہے۔ کالوسونا نے ریاستی پولس کو لوگوں کے دشمن قرار دیتے ہوئے کہا کہ ’’اگر لوگ ٹی ایم سی (ترنمول کانگریس) کارکنان کی جگہ پولس کو نقصان پہنچائیں گے تو انھیں کچھ بھی نہیں ہوگا۔‘‘ بیربھوم ضلع میں منعقد ایک تقریب کے دوران کالوسونا نے یہاں تک کہہ دیا کہ ’’ٹی ایم سی کارکنان کو نقصان مت پہنچائیے، ورنہ آپ کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔ معاملہ درج ہو جائے گا۔ ٹی ایم سی آپ کی دشمن نہیں ہے، آپ کی دشمن پولس ہے۔ آپ پولس کو نشانہ بنائیے اور نقصان پہنچائیے۔ اگر آپ ایسا کریں گے تو آپ کو کچھ نہیں ہوگا۔ پولس بہت بدعنوان ہے۔ وہ اپنے دوستوں کو کبھی نہیں بچاتی ہے۔‘‘

کولوسونا منڈل جب یہ بیان دے رہے تھے تو وہاں بی جے پی مہیلا مورچہ کی سربراہ لاکٹ چٹرجی بھی موجود تھیں لیکن انھوں نے منڈل کو اس طرح کا بیان دینے سے نہیں روکا۔ کولوسونا اپنی تقریر میں اس قدر آگے بڑھ گئے کہ یہ کہنے سے بھی پرہیز نہیں کیا کہ ’’پولس بے حد مطلبی ہے۔ یہاں تک کہ ایک کوا بھی دوسرے کوے کو مشکل میں بچاتا ہے لیکن پولس کبھی بھی دوستوں اور ساتھیوں کی مدد نہیں کرتی ہے۔‘‘ انھوں نے بی جے پی کارکنان کے جذبات کو مشتعل کرنے کے انداز میں کہا کہ ’’آپ لوگوں سے پولس پر جاکر حملہ کرنے کے لیے کہہ رہا ہوں۔ اچھی بات ہے کہ اس میں آپ کا کوئی نقصان نہیں ہوگا۔ آپ کو کچھ بھی نہیں ہوگا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 07 Jan 2019, 2:09 PM