اے پی: کسانوں کی ریلی پر پولیس کی روک، دارالحکومت میں کشیدگی
تلورو گاؤں میں احتجاجیوں نے ایک نجی مقام پر دھرنا دیا کیونکہ پولیس نے سڑک پر ان کو دھرنا دینے کی اجازت نہیں دی۔ ویلگاپوڑی گاؤں میں احتجاجی کسانوں نے سلسلہ وار بھوک ہڑتال شروع کی۔
امراوتی: آندھراپردیش کے دارالحکومت امراوتی کے موضع مندڈم میں کشیدگی دیکھی گئی کیونکہ بڑی تعداد میں کسان نکال رہے ریلی کو پولیس نے روک دیا، جس کے نتیجہ میں ان میں دھینگامشتی ہوگئی۔ اس واقعہ میں بعض خواتین زخمی ہو گئیں۔
بڑی تعداد میں کسانوں بشمول خواتین اور بچوں نے مندڈم گاؤں میں دھرنا دیا جو سکریٹریٹ کے قریب ہے۔ یہ دھرنا دارالحکومت کو امراوتی سے وشاکھاپٹنم منتقل کرنے کے خلاف دیا گیا۔ اچانک احتجاجیوں نے مین روڈ پر ریلی نکالی۔ پولیس نے احتجاجیوں کو گھسیٹ کر ایک طرف کردیا۔
ایک ضعیف خاتون کے ہاتھ میں فریکچر آ گیا۔ اس کو علاج کے لئے ایمبولنس میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے احتجاجی خواتین کو گھسیٹ کر پولیس کی گاڑی میں زبردستی طور پر ڈال دیا۔ پولیس نے دیہاتیوں کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ علاقہ میں دفعہ 144 نافذ ہے اور ریلیاں نکالنے پر پابندی ہے۔
پولیس نے جالی لگاتے ہوئے کئی راستوں کو بند کر دیا۔ تلورو گاؤں میں احتجاجیوں نے ایک نجی مقام پر دھرنا دیا کیونکہ پولیس نے سڑک پر ان کو دھرنا دینے کی اجازت نہیں دی۔ ویلگاپوڑی گاؤں میں احتجاجی کسانوں نے سلسلہ وار بھوک ہڑتال شروع کی۔ پولیس نے تلورو میں خیمہ لگانے کی کوشش کرنے سے تلورو اور مندڈم میں ان کو روک دیا۔
اس موقع پر پولیس اور کسانوں میں بحث وتکرا ہوگئی۔ احتجاجیوں نے الزام لگایا کہ پولیس نے شیو مندر کو جمعہ سے بند کردیا ہے اور آج بھی مندر کے دروازے کو نہیں کھولا۔ اسی دوران اے پی کے دارالحکومت امراوتی کو وشاکھاپٹنم منتقل کرنے کے سلسلہ میں جاری احتجاج 25ویں دن میں داخل ہوگیا۔ احتجاجی کسانوں نے جے اے سی تشکیل دی تاکہ احتجاج کی قیادت کی جاسکے۔
پولیس نے دارالحکومت کے علاقہ میں احتیاطی اقدام کے طور پر دفعہ 144 اوردفعہ 30 نافذ کردی۔ پولیس نے باہر کے کسی بھی فرد کو ان مواضعات میں جانے کی اجازت نہیں دی۔ تلگوفلموں کے مشہور اداکار سی اشون دت نے مندڈم گاؤں کے احتجاجی کسانوں سے ملاقات کی اور ان سے یگانگت کا اظہار کیا۔ سابق وزیراعلی چندرابابو کی قیام گاہ کے باہر پولیس کی بھاری تعداد کو تعینات کر دیا گیا۔
پولیس نے ان کے مکان کو جانے والے راستہ کو جالی لگاتے ہوئے بند کر دیا۔ تلگودیشم کے قومی جنرل سکریٹری وچندرابابو کے فرزند نارالوکیش نے احتجاج سے روکنے کے لئے پولیس زیادتی کی مذمت کی۔انہوں نے اس سلسلہ میں ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ پولیس، طاقت کا استعمال کرتے ہوئے احتجاج کو نہیں دبا سکتی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔