لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والے دولہے اور قاضی کو پولس نے کیا گرفتار
اتراکھنڈ میں دولہے سلیم، اس کے والد فہیم اور قاضی سمیت 8 لوگوں کو پولس نے لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے کے الزام میں گرفتار کیا اور پھر کچھ گھنٹوں بعد ایف آئی آر درج کر کے انھیں چھوڑ دیا۔
کورونا وائرس کی وجہ سے پورے ملک میں ہوئے لاک ڈاؤن کا اثر کئی شادیوں پر پڑا ہے اور ایسے میں یا تو شادیاں کچھ وقت کے لیے ملتوی کر دی گئی ہیں، یا پھر بہت ہی سادگی کے ساتھ چار-پانچ لوگوں کی موجودگی میں ہو رہی ہیں۔ کچھ مقامات پر شادیاں آن لائن کیے جانے کی خبریں بھی سامنے آئی ہیں۔ کورونا وائرس کی دہشت کے درمیان لوگ سبھی طرح کے احتیاطی اقدام کر رہے ہیں، لیکن کچھ لوگ ایسے بھی ہیں جو لاک ڈاؤن پر عمل نہیں کر رہے۔ ایسا ہی کچھ اتراکھنڈ میں دیکھنے کو ملا جب دولہا بارات لے کر شادی کرنے دلہن کے گھر پہنچ گیا۔ جب اس بات کی اطلاع پولس کو ہوئی تو دولہا کے ساتھ ساتھ اس کے والد اور قاضی صاحب کو بھی گرفتار کر لیا گیا۔
میڈیا ذرائع سے موصول ہو رہی خبروں کے مطابق اتراکھنڈ میں لاک ڈاؤن کے درمیان بغیر اجازت شادی کرنے سلیم صاحب گھر سے نکل گئے اور دلہن کے گھر پہنچ بھی گئے۔ باراتی بھی ان کے ساتھ تھے اور والد صاحب و قاضی صاحب تو ساتھ تھے ہی۔ جب پولس کو کچھ لوگوں نے یہ خبر دی تو وہاں پہنچی اور آٹھ لوگوں کو گرفتار کر کے تھانے لے گئی۔ پولس کا کہنا ہے کہ "جس مقام پر شادی ہو رہی تھی وہاں 8 لوگوں کو کوارنٹائن کیا گیا ہے اور کسی کا بھی گھر سے باہر نکلنا سختی سے منع ہے۔ حد تو یہ ہے کہ انھوں نے شادی کی اجازت تک نہیں مانگی تھی۔"
بتایا جاتا ہے کہ معاملہ اتراکھنڈ کے اودھم سنگھ نگر کا ہے جہاں ایک دولہے اور قاضی سمیت 8 لوگوں کو پولس نے حوالات کا راستہ دکھا دیا۔ حالانکہ کچھ گھنٹے تھانہ میں رکھنے کے بعد انھیں متنبہ کرتے ہوئے چھوڑ بھی دیا گیا۔ لیکن ان سبھی کے خلاف پولس نے ایف آئی آر درج کر لی ہے۔
خبروں کے مطابق کھٹیما پولس کو جمعرات کی دیر شب خبر ملی تھی کہ کچھا تحصیل کے سرولی کلا گاؤں میں عبدالرزاق کے گھر میں کئی لوگ جمع ہوئے ہیں۔ پتہ کرنے پر لوگوں نے بتایا کہ عبدالرزاق کی بیٹی کا نکاح ہے اور بارات آئی ہوئی ہے۔ بارات میں کئی لوگ شامل تھے۔ ایسے میں پولس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور بھیڑ دیکھ کر لوگوں کو پھٹکار لگائی۔ پولس دیکھ کر کئی لوگ وہاں سے فرار ہو گئے۔ اس درمیان کارروائی کرتے ہوئے پولس نے دولہے سلیم، اس کے والد فہیم اور نکاح کرا رہے قاضی سمیت آٹھ لوگوں کو گرفتار کر لیا، جنھیں بعد میں چھوڑ دیا گیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔