بھاگلپور فساد کا ملزم مرکزی وزیر اشونی چوبے کا بیٹا گرفتار

گرفتاری کے وقت ارجت شاشوت کے حامیوں نے ’جے شری رام‘ کے نعرے لگائے۔ ارجت کا کہنا ہے کہ ’’میں بے قصور قرار ہوں اور سازش کے تحت مجھ پر جھوٹے الزامات عائد کئے گئے ہیں۔‘‘

تصویر قومی آواز/نیاز عالم
تصویر قومی آواز/نیاز عالم
user

قومی آواز بیورو

مرکزی وزیر اشونی چوبے کے بیٹے ارجت شاشوت چوبے کو دیر رات گئے گرفتار کر لیا گیا ہے۔ گرفتاری کے بعد بہار پولیس بھاگالپور میں تشدد بھڑکانے کے ملزم ارجت شاشوت کو پٹنہ سے بھاگلپور لے کر گئی جہاں عدالت میں اس کی پیشی ہوئی۔

گرفتاری کے بعد ارجت شاشوت نے خود کو بے قصور قرار دیا ہے ۔ شاشوت کا کہنا ہے کہ، ’’میرے خلاف عائد کئے گئے تمام الزامات جھوٹے ہیں اور سازش کے تحت انہیں پھنسایا جا رہا ہے ۔ گرفتاری کے وقت ارجت کے حامیوں نے جے شری رام کے نعرے لگائے۔

گرفتاری کے بعد اپنے والد اور وزیر اشونی چوبے کی طرف سے حاصل ہونے والی مدد کے سوال پر انہوں نے کہا ’’وہ مجھے کیوں نہیں بچائیں گے،ہر والد کا کام ہوتا ہے کہ وہ صحیح کام میں بچے کے ساتھ کھڑے رہیں۔ اگر میں غلط ہوتا تو میرے والد کبھی سامنے نہیں آتے۔‘‘ مرکزی وزیر اشونی چوبے کے بیٹے کا کہنا ہے کہ وہ بھگوڑا نہیں ہیں اور درخواست ضمانت نامنظور ہونے کے بعد انہوں نے خود سپردگی کا فیصلہ کیا۔

بھاگلپور میں فرقہ وارانہ تشدد بھڑکانے کے ملزم ارجت شاشوت کو پولس پٹنہ سے بھاگلپور لے گئی اور عدالت میں پیش کیا۔ شاشوت کو 14 دن کی عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔ پیشی سے پہلے سینکڑوں کی تعداد میں پہنچے شاشوت کے حامیوں نے نعرے بازی کی۔

پولیس کے ذرائع کے مطابقارجت شاشوت ٹرین کے ذریعے آارہ سے پٹنہ آ رہے تھے اور پولیس نے ان کو پٹنہ اسٹیشن سے باہر نکلتے ہی مہاوین مندر کے نزدیک گرفتار کیا ہے۔ ارجت شاشوت چوبے کی گرفتاری پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ہمارا ادھیکار مورچہ (سیکولر) کے ترجمان دانش رضوان نے اسے ڈرامہ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ نتیش حکومت شرپسندوں کے سامنے گھٹنے ٹیک چکی ہے۔ اس خود سپردگی کی اسکرپٹ پہلے ہی لکھی جا چکی تھی اور طے شدہ طریقہ سے سرینڈر کروایا گیا۔ ‘‘

غورطلب ہے کہ ارجت شاشوت نے بھاگلپور کی عدالت میں عبوری ضمانت کے لئے درخواست دی تھی جنے ہفتہ کے روز عدالت نے خارج کر دیا۔ بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار پر ارجت شاشوت چوبے کی گرفتاری کو لے کر کافی دباؤ تھا۔ فرقہ وارانہ کشیدگی پھیلانے کے معاملہ میں عدالت نے ان کے خلاف وارنٹ جاری کر دیا تھا۔ شاشوت پر الزام ہیں کہ انہوں نے 17 مارچ بھاگلپور میں ایک جلوس کے دوران تشدد پھڑکایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 01 Apr 2018, 12:20 PM