یوپی: پولیس حراست میں موت، 9 پولیس اہلکاروں کے خلاف وارنٹ جاری
پولیس ذرائع نے بتایا کہ پجاری یادو کی گزشتہ 11 فروری کو پولیس حراست میں موت ہوگئی تھی۔ اس معاملے میں سی جے ایم وکاس کمار نے اس وقت کے ایس ایچ او بکشا سمیت 9 پولیس اہلکاروں کے خلاف وارنٹ جاری کیے ہیں
جونپور: اتر پردیش کے ضلع جون پور کی ایک عدالت نے ایک حراستی موت کے معاملے میں نو پولیس اہلکاروں بشمول اس وقت کے بکشا پولیس اسٹیشن انچارج کے خلاف گرفتاری کا وارنٹ جاری کیا ہے۔ پولیس ذرائع نے بدھ کے روز بتایا کہ چک مرزا پور کا رہنے والا پجاری یادو کی گزشتہ 11 فروری کو بکشا تھانے میں پولیس حراست میں موت ہوگئی تھی۔ اس معاملے میں چیف جوڈیشل مجسٹریٹ (سی جے ایم) وکاس کمار نے منگل کے روز اس وقت کے ایس ایچ او بکشا سمیت نو پولیس اہلکاروں کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔ واقعے کے بعد فرار ہونے والے تمام پولیس اہلکار معطکل کر دیئے گئے ہیں اور وہ اب بھی مفرور ہیں۔
اس معاملے کی تفتیش کرنے والے سرکل افسر بدلاپور نے عدالت میں ایک درخواست پیش کی تھی کہ کئی جگہوں پر چھاپے مارنے کے بعد بھی ملزمان کا سراغ نہیں لگ رہا ہے۔ اس طرح تفتیش متاثر ہو رہی ہے۔ اس وقت کے ایس ایچ او اجے کمار سنگھ ، ایس او جی انچارج پرو کمار سنگھ ، کانسٹبل کمل بہاری بند، جتندر سنگھ، راج کمار ورما، شویت پرکاش سنگھ، راجن سنگھ، جے شیل پرساد تیواری اور انگد پرساد چودھری کے خلاف گرفتاری کے وارنٹ جاری کیے جائیں۔ اس درخواست کے بعد عدالت نے ان سب کے خلاف وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔
یہ بھی پڑھیں : طالبان کابینہ کے ارکان کے ٹریک ریکارڈ پر امریکہ کو تشویش
واضح رہے چک مرزا پور کے رہنے والے اجے کمار یادو نے ان سب کے خلاف ایف آئی آر درج کروائی کہ 11 فروری کو ایس او جی ٹیم اور ایس ایچ او اجے کمار سنگھ فورس کے ساتھ گھر آئے اور اس کے بھائی کرشنا کمار یادو عرف پجاری کو تھانے لے گئے۔ صبح یہ اطلاع ملی کہ اس کے بھائی کی موت ہوگئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔