کانپور میں تشدد کے بعد پولیس کی کارروائی، ایف آئی آر کے بعد 35 گرفتار، 1000 نامعلوم، بلڈوزر بھی چلے گا!
کانپور تشدد کے سلسلہ میں وزیر اعلیٰ یوگی نے سخت کارروائی کی ہدایت جاری کی ہے، انہوں نے جمعہ کی شب پولیس افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران کہا کہ ماحول خراب کرنے والوں سے سختی سے نمٹا جائے
کانپور: اتر پردیش کے کانپور میں جمعہ کے روز ہونے والے تشدد کے معاملہ میں پولیس نے تین ایف آئی آر درج کی ہیں۔ ان میں سے دو پولیس کی طرف سے جبکہ تیسری ایف آئی آر مار پیٹ اور توڑ پھوڑ کا نقصان اٹھانے والے شخص کی جانب سے درج کرائی گئی ہے۔ ایف آئی آر میں 40 افراد کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ ایک ہزار نامعلوم افراد کو بھی ملزم بنایا گیا ہے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ملزمان کے خلاف غنڈہ ایکٹ کے تحت کارروئی کرنے کے ساتھ ان کی املاک کو ضبط کرنے اور بلڈوزر کے ذریعے انہدامی کارروائی بھی کی جائے گی۔
کانپور تشدد معاملہ میں اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے افسران کو سخت ہدایات دی ہیں کہ جو لوگ ریاست میں امن اور ہم آہنگی کے ماحول کو خراب کرنے کی کوشش کرتے ہیں ان سے سختی سے نمٹا جائے۔ انہوں نے جمعہ کی شب تمام اضلاع کے پولیس افسران کے ساتھ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ کرتے ہوئے سخت ہدایات جاری کیں۔
یوگی نے کہا کہ غیر ضروری بیانات دے کر ماحول خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جانی چاہئے۔ وزیر اعلیٰ یوگی نے زور دیا کہ اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ سڑکوں پر مذہبی سرگرمیاں منعقد نہ ہوں۔ وزیر اعلیٰ نے تمام اضلاع کے پولیس اور انتظامی افسران کو ہدایت کی کہ 10 جون تک تمام سڑکوں کو تجاوزات سے پاک کیا جائے اور غیر قانونی ٹیمپو سٹینڈز کو ہٹا دیا جائے۔ اس کے ساتھ ساتھ بسیں بھی ان کی مقررہ مقامات پر کھڑی کی جائیں۔
غورطلب ہے کہ کہ کانپور شہر میں نماز جمعہ کے بعد پیغمبر اسلام کے خلاف 'توہین آمیز' تبصرے کے خلاف احتجاج کے دوران دو فرقوں میں جھگڑا ہو گیا۔ ایک دوسرے پر پتھراؤ اور بم پھینکے جانے کے بعد کچھ علاقوں میں تشدد پھوٹ پڑا۔ مسلم تنظیموں کی یہ احتجاج بی جے پی کی شعلہ بیان لیڈر نوپور شرما کے متنازعہ بیان کی مخالفت میں کیا جا رہا تھا۔
دریں اثنا، سینکڑوں افراد نے پتھراؤ کرنا شروع کر دیا جس کے بعد پولیس کو لاٹھی چارج کرنا پڑی۔ کئی راؤنڈ ہوائی فائرنگ بھی کی گئی تاکہ حالات کو قابو میں کیا جا سکے۔ پولیس نے بمشکل حالات قابو میں کئے۔ علاقے میں کثیر تعداد میں پولیس کی تعیناتی کی گئی ہے۔
کانپور تشدد پر سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے کہا کہ بی جے پی لیڈر نوپور شرما کو گرفتار کیا جانا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی ترجمان نوپور شرما کے اشتعال انگیز بیان کی وجہ سے کانپور میں بدامنی پھیل گئی ہے، لہذا بی جے پی لیڈر کو گرفتار کیا جانا چاہیے۔ انہوں نے عوام سے امن برقرار رکھنے کی اپیل کی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 04 Jun 2022, 8:50 AM