بہار میں زہریلی شراب کا قہر، بتیا اور گوپال گنج میں 8-8 افراد ہلاک، کئی کی حالت سنگین
بتیا میں زہریلی شراب سے آٹھ لوگوں کی ایک ساتھ موت کے بعد لوگوں میں دہشت ہے، کئی افراد کی حالت سنگین بتائی جا رہی ہے، اس خبر سے مقامی انتظامیہ میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
بہار میں مکمل شراب بندی کے باوجود شراب نوشی کے واقعات کم ہونے کا نام نہیں لے رہے ہیں۔ اکثر زہریلی شراب پینے سے اموات ہونے اور شراب کا ذخیرہ برآمد ہونے کی خبریں سرخیاں بنتی ہیں۔ تازہ معاملہ بہار کے ضلع بیتیا اور اورنگ آباد کا ہے جہاں زہریلی شراب نے کئی افراد کی جان لے لی اور کئی کی حالت سنگین بنی ہوئی ہے۔ بتیا میں زہریلی شراب سے 8 لوگوں کے ہلاک ہونے کی خبر ہے۔ اس واقعہ کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔ مقامی لوگوں نے زہریلی شراب سے موت ہونے کی بات کہی ہے۔
اس سے قبل گوپال گنج میں زہریلی شراب پینے سے چھ مزید لوگوں کی موت ہو گئی، یعنی جمعرات تک گوپال گنج میں ہلاکتوں کی تعداد 8 ہو گئی ہے۔ ایک افسر کے مطابق جہاں چار لوگوں کی آنکھوں کی روشنی چلی گئی ہے وہیں دیگر سنگین طور پر بیمار ہیں۔ مشرقی چمپارن ضلع کے موتیہاری واقع اسپتالوں میں ان کا علاج چل رہا ہے۔
گوپال گنج کے ضلع مجسٹریٹ ڈاکٹر نول کشور چودھری نے بتایا کہ موت پراسرار حالات میں ہوئیں۔ چودھری نے کہا کہ ہم نے متاثرین کے گھروں سے نمونے جمع کیے ہیں اور انھیں ٹیسٹنگ کے لیے فورنسک لیب میں بھیج دیا ہے۔ ہم مہلوک کی پوسٹ مارٹم رپورٹ کا بھی انتظار کر رہے ہیں۔ اس معاملے میں چار لوگوں کو گرفتار کیا گیا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔