پی این بی گھوٹالہ LIVE: نیرو مودی اور میہل چوکسی کے پاسپورٹ منسوخ: ذرائع
میہل چوکسی کا ملازمین کے نام خط
نئی دہلی: پنجاب نیشنل بینک (پی این بی ) میں ہوئے 11 ہزار کروڑ سے زیادہ کے گھوٹالہ کے اہم ملزمان میں سے ایک میہل چوکسی کا خط منظر عام پر آیا ہے جو اس نے اپنے ملازمین کے نام تحریر کیا ہے۔ خط کو میہل چوکسی کے وکیل کی طرف سے جاری کیا گیا ہے۔
خط میں میہل چوکسی نے لکھا ہے کہ اس نے کچھ بھی غلط نہیں کیا ہے اور اسے امید ہے کہ آخر میں سچائی کی جیت ہوگی۔ چوکسی کے وکیل سنجے کے مطابق میہل کا کہنا ہے ’’ ہم لاچار ہیں اور ملازمین کی تنخواہیں بھی ادا نہیں کر سکتے۔ آپ لوگ دوسری نوکری تلاش کر سکتے ہیں۔‘‘ واضح رہے کہ میہل چوکسی کی کمپنی گیتانجلی جیمس میں 3500 ملازمین تعینات ہیں۔
میہل چوکسی نے خط کے ذریعہ ملازمین سے کہا ’’میرے نصیب میں جو لکھا ہوتا وہی ہوگا۔ مجھے پتہ ہے کہ میں نے کچھ غلط نہیں کیا اور آخر میں جیت سچائی کی ہوگی۔‘‘
میہل کے آگے سرکاری ایجنسیوں پر ان کے کام کو متاثر کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ میہل نے لکھا ’’ جس طریقہ سے مختلف سرکاری ایجنسیاں کام کر رہی ہیں اس سے مجھے پریشانی ہو رہی ہے۔ ان کی وجہ سے تمام کام تھم گئے
ہیں۔‘‘
قبل ازیں نیرو مودی نے بھی سینہ زوری دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ بینک نے ان کا نام عوامی کر کے بڑا نقصان کر دیا ہے اور قرض کی وصولی کا امکان اب ختم ہو گیا ہے۔
خیال رہے کہ میہل چوکسی نیرو مودی کا ماموں اور کاروباری شراکت دار ہے۔ دونوں پر پی این بی کا 11300 کروڑ روپے کا قرض لے کر اسے ادا نہ کرنے کا الزام ہے۔ گھوٹالہ کی بات سامنے آنے سے پہلے ہی یہ دونون خاندان کے ساتھ ہندوستان چھوڑ چکے تھے۔ اس کے بعد سرکاری ایجنسیاں حرکت میں آئیں ۔ اب تک دونوں کی ہزاروں کروڑ رووپے کی امکاک، شیئر وغیرہ ضبط کئے جا چکے ہیں۔
وراٹ کوہلی ابھی تک ہمارے برانڈ امبیسڈر: پی این بی
پنجاب نیشنل بینک گھوٹالہ کے بعد ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے کپتان وراٹ کوہلی کے ان کے ساتھ معاہدہ ختم کرنے کی خبروں پر پی این بی نے صفائی پیش کی ہے۔ پی این بی نے کہا ہے کہ وراٹ کوہلی ابھی تک پنجاب نیشنل بینک کے برانڈ امبیسڈر ہیں۔ پی این بی نے صاف کرتے ہوئے کہا کہ بینک نے فی گاہک کے رقم نکالنے کی کوئی حد طے نہیں کی ہے۔
ارون جیٹلی نے بینک نظام پر سوال اٹھایا
پی این بی گھوٹالہ کے حوالہ سے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے بڑا بیان دیتے ہوئے گھپلے کے لئے بینکنگ نظام کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بیکنگ نظام کی متعدد شاخوں میں کوئی گھوٹالہ ہوتا ہے تو کوئی اس کے خلاف نہ تو آواز اٹھاتا ہے اور نہ ہی اس کی معلومات دیتا ہے، یہ تشویش ناک صورت حال ہے۔
مودی سب سے مہنگے چوکیدار: کپل سبل
نیرومودی کے ٹھکانوں پر چھاپے ،املاک ضبط
انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی )نے پنجاب نیشنل بینک (پی این بی )گھپلہ کے اصل ملزم نیرومودی اور اسکے گروپ کی 523کروڑ مالیت کی املاک ضبط کرلیں ۔
ای ڈی نے نیرومودی اور اسکے گروپ کے ایک پینٹ ہاؤس اور ایک فارم ہاؤس سمیت کئی املاک ضبط کرلیں۔کل ملاکر نیرو اور اسکی کمپنیوں کی 523کروڑ 72لاکھ روپئے کی 21غیر منقولہ جائیدادوں کے خلاف کالے دھن کو جائزبنانے کے معاملہ میں کارروائی کی گئی ہے ۔ضبط کی گئی دیگر جائیدادوں میں پنے میں چھ رہائشی کمپلکس ،دس آفس کمپلکس اور دوفلیٹ ،ممبئی کے علی باغ میں ایک شمسی توانائی پلانٹ اور ایک فارم ہاؤس اور احمدنگر ضلع کے کرجت میں 135ایکڑ زمین شامل ہیں۔
نیرو مودی اور میہل چوکسی کے پاسپورٹ منسوخ: ذرائع
ذرائع کے مطابق پی این بی گھوٹالہ کے ملزمین نیرو مودی اور میہل چوکسی کے پاسپورٹ منسوخ کر دئے گئے ہیں۔
سی بی آئی نے دو نئے معاملات درج کئے
سی بی آیئ نے 21 فروری کو بینک آف مہاراشٹر کی شکایت پر غلط دستاویزات تیار کر کے قرض لینے والے کاروباری امت سنگلا کے خلاف معاملہ درج کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں پنجاب نیشنل بینک کے اس وقت کے برانچ مینیجر اندر چند چنداوت کے خلاف عہدے کا غلط استعمال کرنے کا بھی معاملہ درج کیا گیا ہے۔
ذرائع کے حوالہ سے خبر ہے کہ تفتیشی ایجنسی پنجاب نیشنل بینک کے چیرمین اور مینیجنگ ڈائریکٹر اور کارگزار ڈائریکٹر سے بھی پوچھ گچھ کر رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔