گھپلہ 11500 کروڑ کا، ایف آئی آر 5167 کروڑ کی!

پی این بی کو 11500 کروڑ کا نقصان پہنچایا گیا ہے لیکن ایف آئی آر محض 5167.42 کروڑ روپے کی ہوئی ہے۔ گھپلے کے سلسلہ میں ای ڈی نے ملک کے 15 شہروں کے 45 مقامات پر تلاشی لی۔

تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
تصویر بشکریہ سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: پی این بی (پنجاب نیشنل بینک) میں ہوئے گھوٹالے کا انکشاف بینک کی طرف سے شیئر بازار کو دی گئی ایکسچینج فائلنگ سے ہوا تھا۔ اس میں بینک نے خود یہ اعتراف کیا تھا کہ نیرو مودی اور میہل چوکسی کی کمپنیوں نے تقریباً 11500 کروڑ روپے کا گھپلہ کیا ہے لیکن پی این بی نے ابھی تک اس پوری رقم کی ایف آئی آر سی بی آئی کے یہاں درج نہیں کرائی ہے۔

سی بی آئی نے ابھی تک دو ایف آئی آر درج کی ہیں۔ پہلی 29 جنوری کو درج کی جس میں 281 کروڑ روپے کے گھوٹالے کا ذکر ہے اور دوسری ایف آئی آر میں 4886.72 کروڑ روپے کے گھوٹالہ کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس طرح اس گھوٹالے میں ابھی تک کل 5167.42 کروڑ روپے کے گھوٹالے کا ہی معاملہ درج کیا گیا ہے۔ دوسری ایف آئی آر میں گیتانجلی گروپ کے 11 ڈائریکٹروں کے نام بھی شامل ہیں۔

دوسری ایف آئی آر کے مطابق گیتانجلی گروپ نے کل 75.459 کروڑ ڈالر یعنی 4886.72 کروڑ روپے کی رقم ہندوستانی بینکوں کی بیرونی شاخوں میں پی این بی میں جاری ایف ایل سی یا لیٹر آف انڈرٹیکنگ (ایل او یو) کی بنیاد پر نکالی۔

سی بی آئی افسران کا کہنا ہے کہ بقیہ 6400 کروڑ روپے کی رقم بھی ڈائمنڈ آریوایس، سولرایکسپورٹس اور اسٹیلر ڈائمنڈ جس میں نیرو مودی، نشال مودی (نیرو کا بھائی)، میہل چوکسی (نیرو کا ماموں) اور ایمی نیرو مودی (نیرو مودی کی بیوی) شراکت دار ہیں، کے خلاف پہلی ایف آئی آر میں نام جوڑے جائین گے۔

اتوار کو بھی چھاپے ماری

گھپلہ 11500 کروڑ کا، ایف آئی آر 5167 کروڑ کی!

دریں اثنا اتوار (18 فروری) کو بھی پی این بی گھپلے کے سلسلہ میں 15 شہروں میں چھاپے ماری کی گئی اور تقریباً 45 مقامات پر تلاشی کی کارروائی کی گئی۔ جن مقامات پر چھاپے ماری ہوئی ان میں بنگلورو کے 10، دہلی کے 7، کولکاتہ اور ممبئی کے 5-5، چنڈی گڑھ اور حیدرآباد کے 4-4، پٹنہ اور لکھنؤ کے 3-3، احمد آباد کے 2 اور چنئی و گوہاٹی کے 1-1 مقامات شامل ہیں۔

ای ڈی کے ایک افسر نے بتایا کہ گوا، جے پور، سرینگر اور جلندھر میں بھی اس معاملہ میں چھاپے ماری کی گئی ہے لیکن ان مقامات کی ابھی تک تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ دہلی میں ای ڈی نے ساکیت واقع ایم جی ایف مال میں گیتانجلی کے کاؤنٹر، وسنت کنچ میں ایمینس مال جنک پوری گیتانجلی کاؤنٹر شاپرس اسٹاپ، راجوری گارڈن اور آر کیوب، ریگل جویلرس اور دوارکا سیکٹر-11 اور روہنی میں گیتانجلی اسٹور کی تلاشی لی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Feb 2018, 9:03 AM