کل جماعتی میٹنگ میں وزیراعظم کے بیان پر اٹھے سوالات، پی ایم او کی وضاحت

وزیر اعظم کے بیان پر تنازعہ کھڑا ہوتا دیکھ حکومت نے وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعطم نے واضح کر دیا تھا کہ حقیقی کنٹرول لائن کو تبدیل کرنے کی کسی بھی کوشش کا مضبوطی سے جواب دیا جائے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: چین کے ساتھ چل رہی کشیدگی کے حوالہ سے وزیر اعظم نریندر مودی نے 19 جون کو کل جماعتی اجلاس کے دوران یہ دعوی کیا تھا کہ ہماری زمین میں نہ کوئی داخل ہوا ہے اور نہ داخل ہوا تھا۔ اس بیان کی بنیاد پر کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے کہا کہ وزیر اعظم نے چین کے جارحانہ رویہ کے سامنے اپنے ملک کی سپردگی کر دی ہے۔ اس کے علاوہ بھی کئی سوالات کھڑے ہوتے دیکھ وزیر اعظم دفتر کی جانب سے اس معاملہ میں وضاحت پیش کی گئی ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی کے کل جماعتی میٹنگ میں دیئے گئے بیان پر وضاحت دیتے ہوئے وزیراعظم کے دفتر نے آج کہا کہ کچھ جگہ پر وزیراعظم کے بیان کی غلط تشریح کی گئی ہے جبکہ وزیراعظم نے واضح الفاظ میں کہا تھا کہ ہندوستان حقیقی کنٹرول لائن تجاوز کرنے کی کسی بھی کوشش کا منہ توڑ جواب دے گا۔


وزیراعظم دفتر نے کہا کہ حقیقت میں وزیراعظم نے یہ بات زور دیکر کہی تھی کہ گزرے وقت میں ان چیلنجوں کو نظرانداز کیے جانے کی روایت کے برعکس اب ہندوستانی فوج حقیقی کنٹرول لائن پر کسی بھی طرح کی خلاف ورزی کا فیصلہ کن طریقہ سے جواب دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں روکتے ہیں، انہیں ٹوکتے ہیں۔ کل جماعتی میٹنگ کو بھی یہ معلومات دی گئی تھیں کہ اس بار چینی فوج حقیقی کنٹرول لائن پر بڑی تعداد میں آئی ہے اور ہندوستان نے بھی اس کے مطابق قدم اٹھایا ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ جہاں تک حقیقی کنٹرول لائن پر تجاوز کا سوال ہے یہ واضح طور پر کہا گیا تھا کہ 15جون کو گلوان میں تشدد اس لئے ہوا کیونکہ چین کے فوجی حقیقی کنٹرول لائن پار کرکے ’اسٹرکچر‘ بنارہے تھے اور انہوں نے اس کام کو روکنے سے انکار کردیا تھا۔


وزیراعظم دفتر نے یہ بھی کہا کہ کل جماعتی میٹنگ میں وزیراعظم کے تبصرہ کا فوکس گلوان میں پندرہ جون کے وہ واقعات تھے جن کی وجہ سے 20 فوجیوں کی شہادت ہوئی۔ وزیراعظم نے ہمارے ان بہادر اور محب وطن فوجیوں کو خراج عقیدت دی جنہوں نے چینی سازش کا منہ توڑ جواب دیا۔

وزیراعظم کا یہ بیان کہ حقیقی کنٹرول لائن پر ہماری اور چینی فوجیوں کی موجودگی نہیں ہے، کیونکہ 16 بہار ریجیمنٹ کے فوجیوں کی قربانی نے چینی فوج کی اسٹرکچر کھڑا کرنے کی کوششوں اور حقیقی کنٹرول لائن کی اس جگہ سے تجاوز کی کوششوں کو ناکام کردیا۔ وزیراعظم کے الفاظ تھے ’جنہوں نے ہماری زمین پر تجاوزکرنے کی کوشش کی ہے انہیں ہماری مادر وطن کے بیٹوں نے سخت سبق سکھایا‘۔ وزیراعظم نے زور دے کر کہا ’میں آپ کو یقین دلانا چاہتا ہوں کہ ہماری مسلح افواج ہماری سرحدوں کی حفاظت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی‘۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔