گوا کے وزیر اعلیٰ اور وزراء کو پی ایم مودی فوراً برخاست کریں: کانگریس

کانگریس ترجمان گورو ولبھ نے کہا کہ ’’وزیر اعظم کو چاہیے کہ وہ وزیر اعلیٰ اور ان کی پوری کابینہ کو فوراً برخاست کریں، کیونکہ وہ وبا کے درمیان بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں سیدھے طور پر شامل ہیں۔‘‘

ستیہ پال ملک، تصویر آئی اے ین ایس
ستیہ پال ملک، تصویر آئی اے ین ایس
user

قومی آواز بیورو

کانگریس پارٹی نے منگل کو ریاست کے سابق گورنر ستیہ پال ملک کے ایک قومی نیوز چینل کو دیئے گئے انٹرویو کی بنیاد پر وزیر اعظم نریندر مودی سے گوا کے وزیر اعلیٰ پرمود ساونت اور ان کی کابینہ کے وزراء کو فوراً برخاست کرنے کی گزارش کی۔ ملک نے ریاست میں بدعنوانی کے الزامات لگائے تھے۔ ملک اس وقت میگھالیہ کے گورنر ہیں۔ انھوں نے کہا تھا کہ گوا میں بڑے پیمانے پر بدعنوانی تھی، یہاں تک کہ کووڈ وبا کے دوران بھی، خصوصاً لاک ڈاؤن کے دوران راشن تقسیم میں اور کانکنی سے جڑے ٹرکوں کی آمد و رفت پر آنکھیں موند لی گئی تھیں۔ کانگریس نے سپریم کورٹ کے موجودہ جج سے الزامات کی جانچ کا بھی مطالبہ کیا ہے۔

کانگریس کے قومی ترجمان گورو ولبھ نے یہاں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ ’’وزیر اعظم کو وزیر اعلیٰ اور ان کی پوری کابینہ کو فوراً برخاست کرنا چاہیے، کیونکہ وہ وبا کے درمیان بڑے پیمانے پر بدعنوانی میں سیدھے طور پر شامل ہیں۔ میں یہ نہیں کہہ رہا ہوں، یہ بی جے پی کے ذریعہ مقرر گورنر ہیں جو یہ الزام لگا رہے ہیں۔ الزامات کی جانچ سپریم کورٹ کے ایک موجودہ جج کے ذریعہ کی جانی چاہیے۔‘‘


کانگریس ترجمان کا کہنا ہے کہ ’’وزیر اعظم کو آ کر جواب دینا چاہیے آپ ’من کی بات‘ کرتے ہیں۔ اس ایشو پر ایک ’من کی بات‘ کریں۔ ریاست کے گورنر کے ذریعہ مطلع کیے جانے کے بعد آپ نے گوا کے وزیر اعلیٰ کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی؟ مجھے امید ہے کہ آج شام تک وزیر اعظم ساونت اور پوری کابینہ کے خلاف کارروائی کریں گے۔‘‘

واضح رہے کہ ستیہ پال ملک نے پیر کے روز ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا کہ انھوں نے گوا میں بی جے پی کی قیادت والی اتحادی حکومت میں بدعنوانی کے بارے میں وزیر اعظم نریندر مودی کو مطلع کیا تھا، لیکن جلد ہی ساحلی ریاست میں ان کے عہدہ سے میگھالیہ منتقل کر دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔