راجیو گاندھی پر تبصرہ کر کے مودی نے بیمار ذہنیت کا ثبوت دیا: کانگریس

کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ مودی کو آنجہانی اور ہر دلعزیز وزیر راجیو گاندھی کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے دیکھ کر پورا ملک حیران ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کے حوالہ سے نازیبا بیان دینے کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ کانگریس نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے گزشتہ روز اپنی بیمار ذہنیت کا تعارف کرایا اور وزیر اعظم مودی اپنی شکست سامنے دیکھ کر بوکھلا گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آنجہانی وزیر اعظم کے خلاف بیان بازی کرنے والے مودی کو اپنے گھر میں دیکھ لینا چاہیے، جنہوں نے حالف نامہ میں پلاٹ کے حوالہ سے غلط معلومات پیش کی ہیں۔

دہلی میں واقع کانگریس صدر دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کانگریس کے ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ مودی کو ایک آنجہانی اور ہر دل عزیز وزیراعظم راجیو گاندھی کے خلاف نازیبا الفاظ کا استعمال کرتے دیکھ کر پورا ملک حیران ہے اور لوگ یہ سوچ رہے ہیں کہ 2014 میں انہوں نے کیسے شخص کو وزیر اعظم بنایا!


انہوں مزید نے کہا، ’’آپ ہیمنت کرکرے کو گالی دیتے ہیں، گوڈسے کے مندر بنانے والوں کا احترام کرتے ہیں، نہرو جی کو گالی دیتے ہیں اور ملک کی فوج کی بے عزتی کرتے ہیں، اس سب کے بعد آپ ایسے شخص کو گالی دینے پر اتر آئے جنہوں نے ملک کے لئے اپنی جان تک قربان کر دی! سو مرتبہ ہار منظور ہے لیکن اس طرح کی زبان سننا نہ تو ہمیں اور نہ ہی اس ملک کے عوام کو برداشت ہو سکتی ہے۔‘‘

پون کھیڑا نے مزید کہا کہ ’’آج اگر راجیو جی زندہ ہوتے تو 75 سال کے ہوتے۔ آپ راہل گاندھی کے خلاف کچھ نہ کچھ کہتے رہتے ہیں ، آپ کیجیے اس کا جواب دینا ہم جانتے ہیں لیکن آپ نے ایک ایسے شخص کے لئے تبصرہ کر دیا جنہوں نے اپنی بھری جوانی میں اپنی زندگی ملک کے لئے قربان کر دی۔‘‘ انہوں نے کہا، ’’آپ کو بدعنوانی کے الزامات عائد کرنے ہیں کیجیے، اس کا جواب اٹل بہاری کی جب حکومت تھی تو ہائی کورٹ نے اور اس کے بعد سپریم کورٹ نے بھی جواب دے دیا۔ ایک آنجہانی شخص کتنی مرتبہ ثابت کرے گا کہ وہ بے گناہ تھا!‘‘


پون کھیڑا نے کہا ’’شرم آنی چاہیے مودی جی آپ کو! آپ ایک سیریل ابیوزر (سلسلہ وار گالی باز) اور ایک نفسیاتی بیمار والا رویہ ظاہر کر رہے ہیں ۔ یہ کوئی کانگریس پارٹی کے رہنما کی بے عزتی نہیں ہے بلکہ ملک کے ایک لاڈلے کی بے عزتی کی ہے اور ملک آپ کو اس کا پُر زور جواب دے گا۔‘‘

انہوں نے کہا، ’’آپ خود کو چائے والا بولیں تو اچھی بات ہے کوئی دوسرا یہ بات کہہ دے تو کہتے ہیں کہ میری بے عزتی ہو گئی اور آپ ہمارے ملک کے اتنے اہم لیڈر کے خلاف نازیبا بیان دیں گے، معاف کیجیے گا یہ ملک اب آپ کو معاف کرنے کے موڈ میں نہیں ہے۔‘‘


کانگریس ترجمان نے کہا، ’’آپ کے اپنے آنگن میں کیا ہو رہا ہے اس پر بھی ذرا غور کریں۔ آپ یہ تو بتائیں کہ آپ کا پلاٹ آخر ہے کون سا؟ پہلے حلف نامہ میں آپ نے اپنا پلاٹ نمبر 411 بتایا تھا، اس کے بعد آپ 411 اے پر آ گئے تو بی جے پی نے ٹوئٹ کر کے بولا کہ یہ چار پلاٹ آپس میں جوڑ دیئے گئے تھے اور یہ گجرات حکومت نے انہیں الاٹ کیا تھا۔ ہم نے اور جانچ کی تو معلوم ہوا کہ نہ تو یہ پلاٹ فروخت ہو سکتے ہیں اور نہ ہی جوڑے جا سکتے ہیں۔ ‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔