اسمبلی انتخابات سے دو ماہ پہلے بنگال اور آسام میں وزیر اعظم افتتاح اور اعلانات کی کریں گے برسات

وزیر اعظم کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وہ آسام میں تقریب کے دوران نئے انجینئرنگ کالجوں کا افتتاح کریں گے اور کچھ نئے کالجوں کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

تصویریو این آئی
تصویریو این آئی
user

یو این آئی

وزیر اعظم نریندر مودی پیر کے روزیعنی کل اسمبلی انتخابات والی ریاستوں مغربی بنگال اور آسام کا دورہ کریں گے جہاں وہ متعدد ترقیاتی اسکیموں کا آغاز کریں گے اور متعدد نئے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔

مسٹر مودی آسام کے سیلا پتھر میں منعقدہونے والی ایک تقریب میں تیل و گیس کے شعبے کے اہم پروجیکٹ قوم کے لئے وقف کریں گے۔ وزیر اعظم کے دفتر کی طرف سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق مسٹر مودی تقریب کے دوران نئے انجینئرنگ کالجوں کا افتتاح کریں گے اور کچھ نئے کالجوں کا سنگ بنیاد بھی رکھیں گے۔


آسام میں مسٹر مودی انڈین آئل کی بونگائی گاؤں ریفائنری میں انڈمیکس یونٹ کا، ڈبروگڑھ میں آئل انڈیا لمیٹڈ کے سیکنڈری ٹینک فارم کا اور تینسکیا کے ہیبیڑہ گاؤں میں گیس کمپریشراسٹیشن کا افتتاح کریں گے۔ وہ دھیماجی انجینئرنگ کالج کا افتتاح بھی کریں گے اور سوالوچی انجینئرنگ کالج کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔

وزیر اعظم کے دفتر کے مطابق ان منصوبوں سے خوشحالی کا دور شروع ہوگا اور مقامی نوجوانوں کے لئے مواقع کی راہیں کھلیں گی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ مغربی بنگال میں وزیر اعظم نواپاڑہ سے دکشنیشور تک میٹرو ریل کی توسیع کا افتتاح کریں گے اور اس ریل سروس کو ہری جھنڈی دکھائيں گے۔ اس 4.1 کلومیٹر طویل سیکشن کو 464 کروڑ روپے کی لاگت سے تعمیر کیا گیا ہے۔


مسٹر مودی جنوب مشرقی ریلوے کے 132 کلومیٹر کھڑگ پور-آدتی پور لائن پروجیکٹ کے 30 کلومیٹر کے فاصلے پر کالیکونڈا اور جھارگرام کے درمیان تیسری لائن کا بھی افتتاح کریں گے، جس کا تخمینہ 1312 کروڑ روپئے ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 21 Feb 2021, 6:40 AM