وزیر اعظم مودی کی والدہ کا انتقال: راجناتھ سنگھ، امت شاہ اور پرینکا گاندھی سمیت متعدد لیڈران کا اظہار تعزیت
وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین مودی کا 100 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ انہوں نے احمد آباد کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی۔ ان کے انتقال پر متعدد افراد نے تعزیت کا اظہار کیا ہے
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا بین مودی کا 100 سال کی عمر میں انتقال ہو گیا۔ انہوں نے احمد آباد کے ایک اسپتال میں آخری سانس لی۔ ان کے انتقال پر متعدد افراد نے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے پی ایم مودی کی والدہ کو خراج عقیدت پیش کیا کرتے ہوئے ٹوئٹ کیا، ’’میں وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا با کے انتقال سے بہت دکھی ہوں۔ ماں کی موت سے انسان کی زندگی میں ایسا خلا پیدا ہو جاتا ہے جسے پر کرنا ناممکن ہے۔ دکھ کی اس گھڑی میں میں وزیر اعظم اور ان کے پورے خاندان سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔‘‘
وزیر داخلہ امت شاہ نے ٹوئٹ کیا، "وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ ہیرا با کے انتقال کی خبر بہت افسوسناک ہے۔ ماں انسان کی زندگی کی پہلی دوست اور استاد ہوتی ہے، جس کو کھونے کا درد بلاشبہ دنیا کا سب سے بڑا دکھ ہوتا ہے۔‘‘
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ’’وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ کے انتقال کی افسوسناک خبر ملی۔ خدا مرحوم کی روح کو اپنے قدموں میں جگہ دے اور درد کے ان لمحات میں نریندر مودی اور ان کے تمام اہل خانہ کو ہمت دے۔‘‘
یوپی کے وزیر اعلیٰ یوگی نے ٹوئٹ کیا، ''ایک ماں بیٹے کے لیے پوری دنیا ہوتی ہے۔ ماں کی موت بیٹے کے لیے ناقابلِ برداشت اور ناقابل تلافی نقصان ہے۔ قابل احترام وزیر اعظم نریندر مودی کی والدہ کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ بھگوان شری رام مرحوم کو اپنے مقدس قدموں میں جگہ دیں۔‘‘
قبل ازیں، اپنی والدہ کے انتقال پر غم کا اظہار کرتے ہوئے وزیر اعظم مودی نے لکھا، "ایک شاندار صدی کا خدا کے قدموں میں اختتام... ماں میں میں نے ہمیشہ اس تین مورتی کو محسوس کیا ہے، جس میں ایک تپسوی کا سفر، ایک بے لوث کرمیوگی کی علامت اور اقدار کے لئے پرعزم زندگی شامل رہی ہے۔‘‘
انہوں نے مزید لکھا ’’میں جب ان سے 100ویں یومِ پیدائش پر ملا تو انہوں نے ایک بات کہی تھی، جو ہمیشہ یاد رہتی ہے کہ کام کرو بدھی (عقل) سے اور زندگی جیو شدھی (پاکیزگی) سے۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔