پی ایم مودی جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی آخری رسومات میں حصہ لینے 27 ستمبر کو جاپان جائیں گے

موصولہ اطلاعات کے مطابق پی ایم مودی اپنے دورہ کے دوران شنزو آبے کے قریبی اور موجودہ وزیر اعظم فومیو کشیدا سے بھی ملاقات کریں گے۔

پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
پی ایم مودی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی آئندہ 27 ستمبر کو جاپان کا دورہ کریں گے۔ پی ایم مودی وہاں جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کی سرکاری آخری رسومات تقریب کا حصہ بنیں گے اور اپنا اظہارِ عقیدت پیش کریں گے۔ قابل ذکر ہے کہ جاپان کے سابق وزیر اعظم شنزو آبے کا گزشتہ 8 جولائی کو انتقال ہو گیا تھا۔ سرکاری طور پر ان کی آخری رسومات انتقال کے تقریباً ڈھائی ماہ بعد ادا کی جانے والی ہے۔

واضح رہے کہ جاپان کے نارا شہر میں سابق وزیر اعظم شنزو آبے پر ایک شخص نے پیچھے سے گولی چلا دی تھی۔ بعد ازاں انھیں اسپتال میں داخل کرایا گیا، لیکن وہ بچ نہیں سکے۔ بتایا گیا کہ گولی لگنے کے بعد انھیں دل کا دورہ بھی پڑا تھا، یہی وجہ ہے کہ انھیں نہیں بچایا جا سکا۔ جب ان پر حملہ ہوا تھا تو وہ ایک چھوٹے سے جلسہ کو خطاب کر رہے تھے۔


میڈیا رپورٹس کے مطاابق پی ایم مودی اپنے دورہ کے دوران شنزو آبے کے قریبی اور موجودہ وزیر اعظم فومیو کشیدا سے بھی ملاقات کریں گے۔ اس سے قبل وزیر اعظم مودی نے شنزو آبے کی موت پر گہرے غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ آبے نے اپنی پوری زندگی جاپان اور دنیا کو ایک بہتر جگہ بنانے کے لیے وقف کر دی تھی۔ پی ایم مودی نے ایک ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ ’’میرے محبوب دوستوں میں شمار شنزو آبے کی افسوسناک موت سے میں حیران اور تکلیف میں ہوں۔ اس کا اظہار کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔ وہ ایک سرکردہ عالمی سیاسی لیڈر، ایک اعلیٰ قائد اور ایک بے مثال حاکم تھے۔‘‘

یہاں قابل ذکر بات یہ بھی ہے کہ جاپان میں ایک طبقہ شنزو آبے کی آخری رسومات کی سرکاری تقریب کی مخالفت کر رہا ہے۔ اس پروگرام کے خلاف احتجاج درج کرتے ہوئے 21 ستمبر کو جاپان میں وزیر اعلیٰ فومیو کشیدا کے دفتر کے پاس ایک شخص نے مبینہ طور پر خود کو آگ کے حوالے بھی کر دیا تھا۔ اسے بیہوشی کی حالت میں اسپتال لے جایا گیا۔ بتایا یہ بھی جا رہا ہے کہ اس کی آگ بجھانے کی کوشش میں ایک پولیس افسر بھی زخمی ہو گیا۔ ٹی وی ’اساہی‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق خود کو نذرِ آتش کرنے سے پہلے اس شخص نے پولیس کو بتایا کہ وہ کیوں ایسا کرنے جا رہا ہے۔ اس نے پولیس کو بتایا تھا کہ وہ سابق وزیر اعظم شنزو آبے کے قتل کے بعد ان کی سرکاری آخری رسومات کے منصوبہ کی مخالفت کر رہا تھا، اسی لیے اس نے خود کو آگ کے حوالے کرنے کا فیصلہ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔