پی ایم مودی 9 دسمبر کو تحقیقی کتاب ’بھارتیہ سمودھان، اَن کہی کہانی‘ کی رونمائی کریں گے
کتاب کے مقدمہ کے مطابق یہ کتاب ہندوستانی آئین کی تاریخی سچائی، حقائق اور حقیقت کے تجسس کو واضح طور پر پیش کرتی ہے، کتاب میں آئین کے تصور اور الجھی ہوئی تاریخ کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔
نئی دہلی: معروف صحافی اور اندرا گاندھی نیشنل سینٹر فار آرٹس کے صدر رام بہادر رائے ہندوستان کے آئین کے پس پردہ ان کہی کہانی کو قلم بند کر کے آزادی کے امرت مہوتسو کے موقع پر قارئین کے سامنے پیش کرنے جا رہے ہیں۔ وزیر اعظم نریندر مودی جمعرات کو یہاں اس تحقیقی کتاب کا اجراء کریں گے۔
کتاب کے مقدمہ کے مطابق یہ کتاب ہندوستانی آئین کی تاریخی سچائی، حقائق اور حقیقت کے تجسس کو واضح طور پر پیش کرتی ہے۔ اس کتاب میں آئین کے تصور اور الجھی ہوئی تاریخ کا احاطہ کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ اس کتاب کے بہت سے ابواب معاشرے میں رائج بعض نظریات کو زائل کرنے والے ہیں اور ان نظریات کے زائل ہونے کی گونج آنے والے دنوں میں سیاسی منظر نامے میں طویل عرصے تک باقی رہ سکتی ہے۔
51 ابواب اور 501 صفحات پر محیط اس کتاب میں دستور ساز اسمبلی کی تشکیل، ڈاکٹر راجندر پرساد کے دستور ساز اسمبلی کے صدر منتخب ہونے سے لے کر قومیت کی تعریف تک، مسلم لیگ کی سنکی مداخلت، تقسیم ہند کی بنیاد، نیتا جی سبھاش چندر بوس کی پہل، مہاتما گاندھی پر دو بڑے سوالات، آئین کا نامعلوم دور، اقتدار کی منتقلی، بغاوت کی واپسی جیسے اہم ابواب میں بہت سی ایسی باتیں ہیں جن سے عام آدمی آج تک لاعلم ہے۔
ایک باب میں آئین کے اہم معمار کے طور پر بینیگل نرسمہا کے کردار پر روشنی ڈالی گئی ہے اور ان کا تعارف خود ڈاکٹر بھیم راؤ امبیڈکر کی زبان سے ہوا ہے جو مسودہ اسمبلی کے صدر تھے۔ بینیگل نرسمہا راؤ نے آئین کا پہلا اصل مسودہ تیار کیا جس میں ترمیم کرکے اسے حتمی شکل دی گئی۔ اسی طرح وزیر اعظم جواہر لعل نہرو اور مختلف بڑے لیڈروں کے درمیان نظریاتی تبادلوں اور اختلافات کو بھی بڑے مہذب انداز میں پیش کیا گیا ہے۔
یہ کتاب محققین، عوامی نمائندوں، ادیبوں اور صحافیوں کے لیے آئین اور تاریخ پر حوالہ جاتی کتاب کے طور پر قابلِ ذخیرہ کتاب ہو سکتی ہے۔
وزیر اعظم مودی 9 دسمبر کو راجدھانی کے امبیڈکر انٹرنیشنل سینٹر میں منعقدہ ایک پروگرام میں ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے پدم شری رام بہادر رائے کی لکھی ہوئی کتاب ’ بھارتیہ سمودھان: ان کہی کہانی‘ کا اجراء کریں گے اور تقریب سے خطاب کریں گے۔
مرکزی وزیر قانون و انصاف کرن رجیجو اور مرکزی وزیر تعلیم دھرمیندر پردھان اس تقریب کے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کریں گے۔ سینئر صحافی اچیوتانند مشرا کی صدارت میں ہونے والے اس پروگرام میں جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا، ثقافت اور امور خارجہ کی مرکزی وزیر مملکت میناکشی لیکھی اور راجیہ سبھا کے نائب چیئرمین ہری ونش بھی شرکت کریں گے۔
فکری گفتگو کی دنیا میں رام بہادر رائے کا عمل دخل ہمیشہ رہا ہے۔ انہوں نے ماضی میں بھی اپنی کتابوں، مضامین اور تقاریر کے ذریعے ہندوستانی فکری دنیا کو مالا مال کیا ہے۔ اس سے پہلے وہ ’رہبری کے سوال‘، 'منزل سے زیادہ سفر' اور 'شاشوت ودروہی: آچاریہ جے بی کرپلانی' جیسی معروف اور مقبول کتابیں تصنیف کر چکے ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔