پی ایم مودی کا راجیو گاندھی سے متعلق بیان ناقابل قبول: ممتا بنرجی

کانگریس کے ایک وفد نے انتخابی کمیشن سے ملاقات کر کے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی کے خلاف پی ایم مودی کا نازیبا تبصرہ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اس لیے کارروائی کی جائے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

وزیرا عظم نریندر مودی کے ذریعہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی سے متعلق نازیبا بیان کی مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے سخت مذمت کی ہے۔ انھوں نے اس بیان کے لیے پی ایم مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جس شخص نے ملک کی سالمیت کے لیے اپنی جان قربان کردی اس کے لیے اس طرح کی زبان کا استعمال کیا جانا افسوس ناک ہے۔

دراصل وزیرا عظم نریندر مودی نے اترپردیش میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ ”آپ (راہل)کے والد (سابق وزیرا عظم راجیو گاندھی)کی زندگی بدعنوان نمبر ایک کی ہے۔‘‘ اسی بیان کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے ممتا بنرجی نے کہا کہ ’’اس بیان پر تبصرہ کرنے میں مجھے تاخیر ہوئی،اس کے لیے معذرت خواہ ہوں، میں انتخابی مہم میں مصروف تھی۔ایکسپائری وزیرا عظم مودی جی کے ذریعہ سابق وزیر اعظم راجیو گاندھی سے متعلق بیان افسوس ناک ہے۔میں اس طرح کی زبان کی مذمت کرتی ہوں اور یہ بالکل نازیبا حرکت ہے۔‘‘


دوسری طرف کانگریس نے انتخابی کمیشن سے مطالبہ کیا ہے کہ راجیو گاندھی سے متعلق نازیبا تبصرہ کرنے والے پی ایم مودی کے خلاف کارروائی ہو۔ کانگریس کے ایک وفد نے پیر کو اس سلسلے میں الیکشن کمیشن سے ملاقات کی اور کہا کہ پی ایم مودی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے صدر امت شاہ بار بار ایسی باتیں کہہ رہے ہیں جو انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ وفد نے اپنی شکایت میں کہا ہے کہ مسٹر مودی کی نتخابی تشہیر پر نوٹس دینے کے 48 گھنٹوں کے دوران پابندی لگنی چاہئے۔

کمیشن سے ملاقات کے بعد کانگریس کے سینئر لیڈر ابھیشیک منو سنگھوی نے الیکشن کمیشن کے دفتر کے باہر صحافیوں سے کہا کہ مسٹر مودی نے سابق وزیر اعظم کے بارے میں جو باتیں کہیں ہیں وہ غیر مہذب اور قابل اعتراض ہیں اور ان کی طرف سے استعمال کئے گئے الفاظ کو دہرانے میں جھجھک ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر مودی کو اس سلسلے میں 24 گھنٹے کا نوٹس دے کر 48 گھنٹے میں ان كے خلاف کارروائی ہونی چاہیے۔ پارٹی نے کہا کہ اس سے متعلق سبھی ضروری دستاویزات کمیشن کے سامنے رکھے گئے ہیں۔


وفد نے کمیشن کہا کہ پارٹی مسٹر مودی کے خلاف اب تک 11 شکایات درج کرا چکی ہے لیکن کمیشن دباؤ میں کام کر رہا ہے اور ان کی شکایت پر کوئی کارروائی نہیں کی جارہی ہے۔ ادھر کمیشن نے ان کی شکایات پر اس لیے عمل شروع کیا ہے کیونکہ پارٹی اس معاملے کو سپریم کورٹ لے گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔