مودی جی! امن ایوارڈ تو حاصل کر لیا، اب کشمیریوں پر تشدد کی مذمت بھی کیجیے: محبوبہ مفتی

پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ’سیول امن ایوارڈ‘ سے سرفراز ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں کشمیریوں پر ہو رہے حملوں کی مذمت کریں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

سری نگر: پی ڈی پی صدر اور سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے وزیر اعظم نریندر مودی کو ’سیول امن ایوارڈ‘ سے سرفراز ہونے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ وہ ملک میں کشمیریوں پر ہو رہے حملوں کی مذمت کریں۔ دراصل وزیراعظم نریندر مودی کو جنوبی کوریا کی حکومت نے جمعہ کے روز ملک کے ممتاز ایوارڈ ’سیول پیس ایوارڈ‘ سے نوازا۔ سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ’’وزیر اعظم کو سیول پیس ایوارڈ حاصل کرنے پر مبارک باد پیش کرتی ہوں لیکن جناب، واپس ملک میں ہم آپ کی طرف سے کشمیریوں پر ملک میں ہو رہے حملوں کی مذمت کرنے کے منتظر ہیں۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ ’’لیکن کوئی کیا امید کرسکتا ہے جب گورنر جیسے ذمہ دار لوگ اشتعال انگیز بیانات دے رہے ہیں۔‘‘

واضح رہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو جنوبی کوریا کی حکومت نے جمعہ کو ’سیول پیس ایوارڈ‘ سے نوازا۔ نریندر مودی نے سیول پیس پرائز کلچرل فاؤنڈیشن کی جانب سے منعقدہ تقریب میں یہ ایوارڈ قبول کیا۔ جنوبی کورائی حکومت کے مطابق نریندر مودی کو قومی اور بین الاقوامی سطح پر تعاون کے لئے اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

اس سے قبل ’سیول پیس ایوارڈ ‘ اقوام متحدہ کے سابق سکریٹری جنرلز- کوفی عنان اور بان کی مون اور جرمنی کی چانسلر انجیلا مرکیل کو دیا جا چکا ہے۔ اس موقع پر وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ ’’میں یہ ایوارڈ پا کر انتہائی فخر محسوس کر رہا ہوں۔ یہ ایوارڈ ہندوستان کے عوام کے لئے ہے اور گزشتہ پانچ برسوں میں ملک کی کامیابیوں کی عکاسی کرتا ہے۔‘‘

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔