سرکاری افسر کی بلّے سے پٹائی کرنے والے بی جے پی رکن اسمبلی سے پی ایم مودی ناراض
پی ایم مودی نے جیل سے چھوٹنے کے بعد آکاش وجے ورگیہ کا زوردار استقبال کرنے کو لے کر پارٹی لیڈروں کی تنقید کی اور کہا ’’جنھوں نے ان کا استقبال کیا، ایسے لیڈروں کو بھی پارٹی سے برخاست کیا جانا چاہیے۔‘‘
اندور میں بی جے پی رکن اسمبلی اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری کیلاش وجے ورگیہ کے بیٹے آکاش وجے ورگیہ کے ذریعہ میونسپل کارپوریشن افسر کی بلّے سے پٹائی کرنے کے معاملے میں وزیر اعظم نریندر مودی نے ناراضگی ظاہر کی ہے۔ انھوں نے کہا کہ بیٹا کسی کا بھی ہو، ایسے لوگوں کو پارٹی سے باہر کر دینا چاہیے۔ پارلیمنٹ میں بی جے پی پارلیمانی پارٹی کی میٹنگ کے دوران مودی نے یہ رد عمل ظاہر کیا۔
ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ ’’ہم ایسا کوئی لیڈر نہیں چاہتے جو پارٹی کی شبیہ کو خراب کرے۔ بیٹا کسی کا بھی ہو، ایسے لیڈروں کو پارٹی سے نکال دینا چاہیے۔‘‘ مودی اندور کے بی جے پی رکن اسمبلی آکاش وجے ورگیہ کے بارے میں یہ کہہ رہے تھے جنھوں نے 26 جون کو میونسپل کارپوریشن کے ایک افسر پر مکان منہدم کرنے کے معاملے میں بلّے سے حملہ کیا تھا۔
پی ایم مودی نے جیل سے چھوٹنے کے بعد آکاش وجے ورگیہ کا زوردار استقبال کرنے کو لے کر بھی پارٹی لیڈروں کی تنقید کی اور کہا کہ ’’جنھوں نے ان کا استقبال کیا، ایسے لیڈروں کو بھی پارٹی سے برخاست کیا جانا چاہیے۔‘‘
غور طلب ہے کہ بلّے سے پیٹنے کے معاملے میں آکاش وجے ورگیہ کو گرفتار کر لیا گیا تھا اور بعد میں انھیں ضمانت دے دی گئی تھی۔ جیل سے نکلنے کے بعد پارٹی لیڈروں اورکارکنان نے ان کا زوردار استقبال کیا تھا۔ آکاش کی حمایت میں فائرنگ کی گئی اور پوسٹر لگائے گئے تھے جن پر لکھا تھا ’سیلیوٹ آکاش جی‘۔
واضح رہے کہ جس مخدوش مکان کو توڑنے کے حکم پر کارپوریشن افسر آئے تھے، اسے منگل کے روز توڑا جانا تھا۔ حالانکہ فی الحال اس کے توڑے جانے پر اگلے حکم تک روک لگا دی گئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 02 Jul 2019, 7:10 PM