پی ایم مودی نے خود انحصاری کے لیے بتائے 5 ستون، آخر کیا ہیں یہ 5 ستون؟
پی ایم مودی نے منگل کی شب قوم کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو نئی سمت دینے کے لئے پانچ ستون کی ضرورت ہے جن پر چل کر خود کفیل ہندوستان کی ایک خوبصورت عمارت کھڑی کی جا سکتی ہے۔
نئی دہلی: وزیر اعظم نریندر مودی نے 12 مئی کی شب 8 بجے اپنے خطاب کے دوران عوام کے سامنے خود انحصاری کے لئے پانچ اہم ستون کا تذکرہ کیا۔ انھوں نے ان پانچ ستونوں کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ان کی مضبوطی سے ہندوستان کی تصویر بدل جائے گی۔ پی ایم مودی نے منگل کی شب قوم کے نام اپنے خطاب میں کہا کہ ملک کو نئی سمت دینے کے لئے پانچ ستون کی ضرورت ہے جن پر چل کر خود کفیل ہندوستان کی ایک خوبصورت عمارت کھڑی کی جا سکتی ہے۔
اپنی بات آگے بڑھاتے ہوئے پی ایم مودی نے کہا کہ پہلا ستون ایک ایسی معیشت ہے جس میں آہستہ آہستہ تبدیلی کی بجائے تیزی سے تبدیلی آئے۔ اس سلسلہ میں بنیادی ڈھانچہ نظام کو دوسرا ستون بتاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایک ایسا فریم ورک تیار ہونا چاہئے جو جدید ہندوستان کی شناخت بنے۔
روایتی نظام میں تبدیلی کا تذکرہ کرتے ہوئے پی ایم مودی نے اسے تیسرا ستون بتایا اور کہا کہ "تیسرا ستون ہمارا سسٹم ہے، یعنی ایک ایسا نظام جو گزشتہ صدی کی رسوم و پالیسی پر مبنی نہیں، بلکہ 21 ویں صدی کے خوابوں کو تعبیر دینے والی تكنیک پرمبنی سسٹمز ہو۔" آبادی کو پی ایم مودی نے خود انحصاری کا چوتھا ستون ٹھہرایا۔ انھوں نے کہا کہ "ہماری ڈیمو گرافی دنیا کی سب سے بڑی ڈیموکریسی میں ہماری وائبرینٹ ڈیمو گرافی ہماری طاقت ہے اور خود کفیل ہندوستان کے لئے ہماری توانائی کا سرچشمہ ہے۔"
پی ایم ممودی نے آخری یعنی پانچویں ستون کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ "پانچواں ستون ڈیمانڈ یعنی طلب ہے۔ ہماری معیشت میں ڈیمانڈ اور سپلائی چین کا جو پہیہ ہے، جو طاقت ہے، اسے پوری صلاحیت سے استعمال کئے جانے کی ضرورت ہے‘‘۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں طلب میں اضافہ اور اس کو پورا کرنے کے لئے سپلائی چین کو ہر سطح پر مضبوط ہونا ضروری ہے۔
(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔