پی ایم مودی کی ٹرمپ سے فون پر گفتگو، بعد میں ٹرمپ نے عمران کو کیا فون
امریکہ میں ایسا کیا ہے کہ کچھ دن پہلے عمران خان نے ٹرمپ کو فون کیا اور اب وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر سے آدھے گھنٹے بات کی
وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ سے فون پر آدھے گھنٹے بات کی جس کے بعد امریکی صدر نے عمران خان کو فون کیا اور خبروں کے مطابق عمران سے اپنے بیانات پر قابو رکھنے کے لئے کہا۔ خبروں کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے اپنی گفتگو میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان کے ہندوستان مخالف بیانات کا ذکر کیا تھا ۔ خبروں کے مطابق وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ہندوستان کے خلاف تشدد کو بھڑکانا خطہ میں امن کے لئے ٹھیک نہیں ہے۔
وزیر اعظم دفتر سے جاری ہوئی پریس ریلیز کے مطابق مودی اور ٹرمپ کی آدھے گھنٹے تک بات ہوئی جس میں باہمی اور علاقائی مدوں پر بات ہوئی۔بات چیت انتہائی خوشگوار ماحول میں ہوئی جو دونوں رہنماؤں کے مابین قربت کا اشارہ دیتی ہے ۔ وزیر اعظم نے گفتگو کے دوران جون میں جاپان میں ہوئی ان سے اپنی ملاقات کا بھی ذکر کیا ۔
ریلیز کے مطابق بر صغیر کے حالات کے تعلق سے وزیر اعظم مودی نے کہا کہ خطہ میں کچھ رہنماؤں کے ذریعہ ہندوستان کے خلاف تشدد بھڑکانا اور بیان بازی کرنا امن کے لئے اچھا نہیں ہے ۔وزیر اعظم نے دہشت گردی اور تشدد سے پاک ماحول بنانے اور سرحد پار سے دہشت گردی پر روک لگانے کی اہمیت پر گفتگو کی ۔ریلیز کے مطابق وزیر اعظم نے غریبی، بیماری، تعلیمی بیداری کے خلاف لڑائی میں کسی بھی ملک کے ساتھ تعاون کرنے کے اپنے عظم کو دہرایا۔
خبروں کے مطابق افغانستان کی آزادی کے سو سال پورے ہونے کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے ہندوستان کی افغانستان کی ہر ممکن مدد کرنے کی بات کہی ۔ واضح رہے حال ہی میں پاکستانی وزیر اعظم عمران خان نے بھی ڈونالڈ ٹرمپ کو فون کیا تھا۔ کشمیر کے حالات کی وجہ سے ہندوستان اور پاکستان کے بیچ تناؤ ہے اور اس تناؤ کے بیچ دونوں ممالک کے وزراء اعظم کا امریکی صدر کو فون کرنا اور جواب میں امریکی صدر کا عمران خان کو فون کرنا اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ خطہ میں سب کچھ ٹھیک نہیں ہے اور امن کو شدید خطرہ ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
Published: 20 Aug 2019, 8:00 AM