مودی ’من کی بات‘ کرتے ہیں لیکن دیش کی نہیں سنتے: راہل گاندھی
کانگریس صدر راہل گاندھی نے کہا کہ وزیراعظم صرف ’من کی بات کرتے ہیں دیش کی نہیں سنتے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ بی جے پی کے ایک رکن اسمبلی نے خاتون کی عصمت دری کی لیکن وہ ایک لفظ نہیں بولے۔
بنگلورو :کانگریس صدر راہل گاندھی اس وقت کرناٹک کے انتخابی دورے پر ہیں۔ اس دوران بنگلورو میں میڈیا اہلکاروں سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بی جے پی کے صدر امت شاہ پر سخت حملہ بولا۔ انہوں نے کہا کہ ’’امت شاہ قتل کے ملزم رہے ہیں۔ یہ مت سوچئے کہ ان پر کوئی اعتماد باقی رہا ہے۔ ہمیشہ ایمانداری اور اخلاقیات کی بات کرنے والی بی جے پی کے صدر ایک ایسے شخص ہیں جن پر قتل کا الزام ہے۔‘‘
راہل گاندھی نے کرناٹک میں بی جے پی کے وزیر اعلیٰ عہدے کے امیدوار بی ایس یدی یورپا کو لے کر بھی مودی پر نشانہ لگایا۔ انہوں نے پوچھا ’’میں بار بار وزیر اعظم سے یہ پوچھ رہا ہوں کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ عہدے کے لئے ایک ایسے بدعنوان شخص کا انتخاب کیوں کیا جو جیل بھی جا چکاہے۔ ‘‘
راہل گاندھی نے کرناٹک کے انتخابات کے سلسلہ میں چکبلپور میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش بی جے پی کا ایک رکن خاتون کی عصمت دری کرتا ہے اور وزیراعظم ایک لفظ بھی نہیں کہتے۔
کانگریس صدر راہل گاندھی نے بنگلورو میں ’سمردھ بھارت فاؤنڈیشن ‘ کے ایک پروگرام میں شرکت کی۔ اس دوران انہوں نے لوگوں سے بات کرتے ہوئے امت شاہ اور یدی یورپا پر بیان دیا۔ اس پروگرام کے دوران راہل گاندھی نے لوگوں سے ان کے مسائل بھی جانے۔
راہل نے وزیراعظم پر نکتہ چینی جاری رکھتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم عصمت دری کے واقعات پر خاموش ہیں۔انہی کی پارٹی کے ایک رکن اسمبلی نے یو پی میں عصمت دری کی ۔انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ،بی جے پی کو ضرور شکست دے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔