’پی ایم مودی ہر چیز میں جھوٹ بولتے ہیں، ان کے جھانسے میں مت آنا‘، یوپی کے بانس گاؤں میں عوام سے کھڑگے کی اپیل

کھڑگے نے کہا کہ ’’آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے مطابق ملک میں شودروں کا کام صرف خدمت کرنا ہے، اگر نریندر مودی ایسے لیڈروں کی حمایت کرتے ہیں تو یہ شرم کی بات ہے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>اتر پردیش کے بانس گاؤں میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے</p></div>

اتر پردیش کے بانس گاؤں میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے ملکارجن کھڑگے

user

قومی آواز بیورو

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے آج اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں انتخابی تشہیر کرتے ہوئے نظر آئے جس میں مرکز کی مودی حکومت کے خلاف زوردار انداز میں حملے کیے۔ بانس گاؤں میں جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کئی محاذ پر بی جے پی اور وزیر اعظم مودی کو کٹہرے میں کھڑا کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کہتے ہیں کہ ملک میں شودروں کا کام صرف خدمت کرنا ہے۔ اگر نریندر مودی ایسے لیڈران کی حمایت کرتے ہیں تو یہ شرم کی بات ہے۔‘‘

اپنی تقریر کے دوران کانگریس صدر نے پی ایم مودی کو ہر بات پر جھوٹ بولنے والا لیڈر قرار دیا اور کہا کہ ’’وزیر اعظم نے مہاراشٹر میں کہا کہ میں یہاں کا پیاز کھا کر اور یہاں کے کپاس سے بنے ہوئے کپڑے پہن کر بڑا ہوا ہوں۔ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ میں نے بھیک مانگ کر اپنی زندگی گزاری۔ وزیر اعظم ہر چیز میں جھوٹ بولتے ہیں، ان کی ایک بھی بات میں سچائی نظر نہیں آتی۔ آپ (عوام) ایسے لوگوں کے جھانسے میں مت آؤ۔‘‘


کھڑگے نے پی ایم مودی کو امیروں کا حمایتی اور غریبوں کا مخالف بھی بتایا۔ انھوں نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’نریندر مودی امیروں کی طرف ہیں، ہم غریبوں کی طرف ہیں۔ اب آپ کو انتخاب کرنا ہے، کیونکہ یہ انتخاب آپ کے مستقبل کو طے کرے گا۔ اس لیے آپ سبھی متحد ہو جائیں اور آئین و جمہوریت کو بچائیں۔‘‘

اپنی تقریر کے دوران کانگریس صدر کھڑگے نے بانس گاؤں کی تاریخ کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’مشرقی یوپی ہندوستان کی تحریک آزادی کا مرکز رہا ہے۔ ہمارا جلسہ بانس گاؤں پارلیمانی سیٹ کے اسی چوری-چورا علاقہ میں ہو رہا ہے جسے پورا ملک جانتا ہے۔ ہمارے کانگریس پارٹی کے صدر رہ چکے مدن موہن مالویہ اور بابا راگھو داس نے چوری-چورا کے انقلابیوں کی یہیں سے مدد کی تھی۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔