وزیر اعطم مودی نے دہلی-ممبئی ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کا کیا افتتاح، کہا- ’یہ ہے ترقی یافتہ ہندوستان کی تصویر‘
وزیر اعظم مودی نے اتوار کو دہلی-ممبئی ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کیا۔ دہلی-ممبئی ایکسپریس وے ہندوستان کا سب سے طویل ایکسپریس وے ہوگا
جے پور: وزیر اعظم نریندر مودی نے اتوار (12 فروری) کو دہلی-ممبئی ایکسپریس وے کے دہلی-دوسہ-لالسوٹ سیکشن کو قوم کے نام وقف کر دیا۔ دوسہ سے ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کا افتتاح کرنے کے بعد وزیر اعظم مودی نے پروگرام سے خطاب بھی کیا۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ ہم لوگ پچھلے 9 سالوں سے ہم انفراسٹرکچر پر بہت زیادہ سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ راجستھان کو اس سرمایہ کاری کا بڑا فائدہ ملنے والا ہے۔
پی ایم مودی نے کہا ’’آج مجھے دہلی-ممبئی ایکسپریس وے کے پہلے مرحلے کو قوم کے نام وقف کرتے ہوئے بہت فخر ہو رہا ہے۔ یہ ملک کے سب سے بڑے اور جدید ترین ایکسپریس ویز میں سے ایک ہے۔ یہ ترقی یافتہ ہندوستان کی ایک اور شاندار تصویر ہے۔ میں دوسہ کے باشندوں اور اہل وطن کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ اس سال کے بجٹ میں ہم نے بنیادی ڈھانچے کے لیے 10 لاکھ کروڑ روپے کا انتظام کیا ہے۔ یہ رقم 2014 میں فراہم کردہ رقم سے پانچ گنا زیادہ ہے۔ راجستھان کو اس سرمایہ کاری سے کافی فائدہ ہونے والا ہے۔‘‘
وزیر اعظم نے دوسہ میں 18,100 کروڑ روپے سے زیادہ کے سڑکوں کے منصوبوں کا سنگ بنیاد بھی رکھا اور افتتاح کیا۔ انہوں نے کہا کہ جب ایسی جدید سڑکیں، جدید ریلوے سٹیشن، ریلوے ٹریک، میٹرو اور ہوائی اڈے بنتے ہیں تو ملک کی ترقی کی رفتار تیز ہوتی ہے۔ انفراسٹرکچر پر سرمایہ کاری اور بھی زیادہ سرمایہ کاری کو راغب کرتی ہے۔ مرکزی حکومت بنیادی ڈھانچے پر بھی مسلسل بھاری سرمایہ کاری کر رہی ہے۔
دہلی-ممبئی ایکسپریس وے کا دہلی-دوسہ-لالسوٹ سیکشن 246 کلومیٹر طویل ہے، جسے 12150 کروڑ روپے سے زیادہ کی لاگت سے تیار کیا گیا ہے۔ اس سیکشن کے شروع ہونے سے دہلی سے جے پور کا سفر کا وقت پانچ گھنٹے سے کم ہو کر تقریباً ساڑھے تین گھنٹے رہ جائے گا۔ دہلی-ممبئی ایکسپریس وے ہندوستان کا سب سے طویل ایکسپریس وے ہوگا، جس کی کل لمبائی 1386 کلومیٹر ہوگی۔
اس کی تعمیر سے دہلی اور ممبئی کے درمیان سفری فاصلہ 12 فیصد کم ہو جائے گا۔ سفر کے وقت میں بھی 50 فیصد کمی کی جائے گی۔ پہلے جہاں سفر میں 24 گھنٹے لگتے تھے اب 12 گھنٹے لگیں گے۔ یہ ایکسپریس وے چھ ریاستوں دہلی، ہریانہ، راجستھان، مدھیہ پردیش، گجرات اور مہاراشٹر سے گزرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔