پی ایم مودی کی مشکل بڑھی، تیج بہادر سپریم کورٹ پہنچے
سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر کاغذات نامزدگی داخل کرنے والے تیج بہادر نے انتخابی افسر کے ذریعہ کاغذات خارج کردیئے جانے کے فیصلہ کو سپریم کورٹ میں چیلنج کیاہے۔
نئی دہلی : اترپردیش کی وارانسی سیٹ سے وزیراعظم نریندرمودی کے خلاف انتخابی میدان میں اترنے والے سرحدی سلامتی فورس (بی ایس ایف )کے برخاست جوان تیج بہادر یادو نے کاغذات نامزدگی ردہونے کے بعد سپریم کورٹ سے رجو ع کیاہے ۔
سماج وادی پارٹی کے ٹکٹ پر کاغذات نامزدگی داخل کرنے والے تیج بہادر نے انتخابی افسر کے ذریعہ کاغذات خارج کردیئے جانے کے فیصلہ کو چیلنج کیاہے ۔تیج بہادر کی طرف سے معروف وکیل پرشانت بھوشن نے عرضی دائر کی ہے ۔ عرضی گزار نے انتخابی افسر کے یکم مئی کے اس حکم پر یکطرفہ روک لگانے کی درخواست کی ہے ،جس کے تحت ان کی (تیج بہادر )نامزدگی خارج کی گئی ہے ۔
تیج بہادر نے بی ایس ایف سے برخاستگی کے تعلق سے دونوں کاغذات نامزدگی میں الگ الگ دعوے کیے تھے ۔اس پر ضلع انتخابی دفتر نے تیج بہادر کونوٹس جاری کرتے ہوئے این اوسی جمع کرنے کی ہدایت دی تھی ۔تیج بہادر سے کہاگیاتھا کہ وہ بی ایس ایف سے اس بات کا این اوسی پیش کریں جس میں ان کی برخاستگی کی وجہ بتائی گئی ہو۔
ضلع مجسٹریٹ سریندرسنگھ نے عوامی نمائندگی قانون کی دفعہ 9اور دفعہ 33کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ تیج بہادر یادو کی نامزدگی اس لیے منظور نہیں کی گئی کیونکہ وہ مقررہ وقت پر ضروری کاغذات پیش نہیں کرسکے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔