’ہندوستان کی ذہنیت توسیع پسندانہ نہیں، ہر ملک اہم ہے‘، گویانا کی پارلیمنٹ سے وزیراعظم مودی کا خطاب
وزیراعظم مودی نے گویانا کی پارلیمنٹ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان کبھی توسیع پسندی کے راستے پر نہیں چلا اور ہر ملک کی ترقی کو اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے عالمی چیلنجز پر اتحاد کی ضرورت پر زور دیا
گویانا: وزیراعظم نریندر مودی نے گویانا کی پارلیمنٹ کے ایک خصوصی اجلاس میں خطاب کرتے ہوئے ہندوستان کی امن اور تعاون پر مبنی خارجہ پالیسی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان نے کبھی توسیع پسندانہ ذہنیت کے ساتھ اپنی پالیسی نہیں بنائی اور ہمیشہ دوسروں کے وسائل پر قبضہ کرنے سے گریز کیا۔
وزیراعظم مودی نے کہا، ’’یہ وقت عالمی تنازعات کو ہوا دینے والی صورتحال کی شناخت اور انہیں ختم کرنے کا ہے۔ دہشت گردی، منشیات، اور سائبر جرائم جیسی چیلنجز سے لڑ کر ہی ہم آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ مستقبل بنا سکتے ہیں۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان ہر ملک کی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے اور تمام ممالک کی شمولیت کے بغیر عالمی اہداف کا حصول ممکن نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان نے ہمیشہ شفافیت اور اصولوں کی بنیاد پر بات کی ہے۔
مودی نے کہا کہ ہندوستان "گلوبل ساؤتھ" کی آواز بن چکا ہے، جو ماحولیاتی تبدیلی کے مسائل سے سب سے زیادہ متاثر ہے۔ انہوں نے کہا، "یہ ضروری ہے کہ دنیا اس عدم توازن کو ختم کرے اور ترقی کو سب کے لیے قابل رسائی بنائے۔"
وزیراعظم نے گویانا کے کرکٹ کھلاڑیوں سے بھی ملاقات کی اور کہا کہ کرکٹ نے ہندوستان اور گویانا کے درمیان ثقافتی تعلقات کو مضبوط کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 21ویں صدی کی دنیا کو درپیش چیلنجز کا حل اتحاد، تعاون، اور انسانیت پر مبنی فیصلوں سے ممکن ہے۔
انہوں نے گویانا کی پارلیمنٹ میں 140 کروڑ ہندوستانیوں کی طرف سے خیرسگالی کا پیغام دیا اور کہا کہ ’جمہوریت سب سے پہلے‘ کی سوچ سے سب کے ساتھ ترقی کی راہ ہموار ہوتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔