امبانی-اڈانی پر بیان دے کر برے پھنسے پی ایم مودی، راہل گاندھی نے دیا چیلنج اور جئے رام رمیش نے پوچھے 3 تلخ سوالات

پی ایم مودی کے ’ٹیمپو‘ والے بیان پر راہل گاندھی نے سوال کیا کہ ’کیا یہ آپ کا ذاتی تجربہ ہے؟‘ پھر انھوں نے مودی کو چیلنج پیش کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کو سب معلوم ہے تو ان کے یہاں ای ڈی-سی بی آئی بھیجیے۔

پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
پی ایم مودی، تصویر یو این آئی
user

قومی آواز بیورو

وزیر اعظم نریندر مودی ایک انتخابی تشہیر کے دوران ’امبانی-اڈانی‘ سے متعلق بیان دے کر بری طرح پھنستے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔ وہ ’امبانی-اڈانی‘ کو لے کر راہل گاندھی سے جواب مانگ رہے تھے، لیکن وہ خود ہی کٹہرے میں کھڑے ہو گئے ہیں۔ راہل گاندھی نے پی ایم مودی کے بیان پر انھیں مخاطب کرتے ہوئے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔ اس میں وہ پوچھ رہے ہیں کہ ’’مودی جی، تھوڑا سا گھبرا گئے کیا؟ اب تک بند کمروں میں ان کا (امبانی-اڈانی) نام لیتے تھے، پہلی بار عوام کے درمیان ان کا نام لیا۔‘‘

راہل گاندھی نے ویڈیو میں پی ایم مودی کے ’ٹیمپو‘ والے بیان کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ ’’آپ کو یہ بھی معلوم ہے کہ یہ ٹیمپو میں پیسے دیتے ہیں۔ کیا یہ آپ کا ذاتی تجربہ ہے۔‘‘ پھر راہل گاندھی نے پی ایم مودی کو چیلنج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’جب آپ کو اتنا کچھ معلوم ہے تو پھر ان کے یہاں ای ڈی اور سی بی آئی بھیج کر جانچ کروا لیجیے۔ پوری جانکاری نکلوائیے، جلد از جلد کروائیے۔ گھبرائیے مت مودی جی۔‘‘


دراصل پی ایم مودی نے تلنگانہ میں ایک جلسۂ عام سے خطاب کرتے ہوئے ایسا بیان دے دیا جو موضوع بحث بن چکا ہے اور سوشل میڈیا پر تیزی کے ساتھ وائرل بھی ہو رہا ہے۔ پی ایم مودی نے کانگریس پر امبانی-اڈانی سے پیسے لینے کا الزام لگایا اور کہا کہ ’’انتخاب کا اعلان ہوتے ہی امبانی-اڈانی کو گالی دینا بند کر دیا ہے۔ الیکشن میں امبانی-اڈانی کا کتنا مال اٹھایا ہے؟ کالے دھن کی کتنی بوریاں ماری ہیں۔ ٹیمپو بھر کر نوٹ پہنچے ہیں۔‘‘ پی ایم مودی نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ ’’کیا سودا ہوا جو راہل نے امبانی-اڈانی کو گالی دینا بند کر دیا۔ دال میں ضرور کچھ کالا ہے۔ اس کا جواب راہل گاندھی کو دینا ہوگا۔‘‘ اب راہل گاندھی نے اس کا جواب دیتے ہوئے انھیں ہی چیلنج پیش کر دیا ہے۔ راہل گاندھی ہی نہیں، کانگریس صدر کھڑگے اور پرینکا گاندھی نے بھی پی ایم مودی پر ان کے بیان کے لیے سوالیہ نشان لگا دیا ہے۔

کانگریس جنرل سکریٹری جئے رام رمیش نے تو امبانی-اڈانی والے پی ایم مودی کے بیان پر ان سے تین تلخ سوالات پوچھ لیے ہیں۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر یہ تین سوالات ڈالے ہیں۔ انھوں نے لکھا ہے کہ ’’آج نریندر مودی نے کہا– ان کے متر اڈانی اور امبانی کے پاس ٹیمپو بھر بھر کر کالا دھن ہے۔ ایسے میں تین سوال سامنے آتے ہیں۔ 1. آپ نے کالا دھن نکالنے کے لیے نوٹ بندی کی تھی، تو آپ کے متروں کے پاس کالا دھن کہاں سے آیا؟ 2. جب آپ کے متروں کے پاس بورے بھر بھر کر کالا دھن ہے، تو ای ڈی-آئی ٹی-سی بی آئی کوئی کارروائی کیوں نہیں کرتی؟ 3. گزشتہ 10 سال میں نجکاری کر سرکاری ملکیتیں اڈانی-امبانی کو ہی فروخت کی گئی ہیں، تو کالا دھن کہاں سے آیا؟‘‘


مذکورہ بالا تین سوالات کے ساتھ اپنے پوسٹ کے آخر میں جئے رام رمیش نے لکھا ہے کہ ’’حقیقت یہ ہے کہ آپ سامنے نظر آ رہی شکست سے بوکھلا گئے ہیں، اس لیے طرح طرح کی باتیں کر رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔