بہار و یو پی میں بچیوں کے ساتھ عصمت دری ہو رہی اور پی ایم مودی خاموش: راہل
کانگریس صدر راہل گاندھی نے چھتیس گڑھ میں پارٹی لیڈران و کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے ایک بار پھر رافیل معاہدہ پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا اور کہا کہ مرکزی وزیر دفاع ہندوستان سے جھوٹ بولتی ہیں۔
10 اگست کو کانگریس صدر راہل گاندھی چھتیس گڑھ کے رائے پور میں کانگریس کی نئی عمارت کا افتتاح کرنے پہنچے۔ افتتاحی تقریب میں انھوں نے پارٹی لیڈروں اور کارکنان سے خطاب بھی کیا۔ اس موقع پر کانگریس صدر نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بہار و یو پی میں بچیوں کے ساتھ عصمت دری کے واقعات سے متعلق خاموشی اختیار کرنے پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’بہار اور اتر پردیش میں بچیوں کے ساتھ عصمت دری کے واقعات ہوئے لیکن پی ایم مودی ایک لفظ بھی نہیں بولتے۔ یہ سوال آپ کے من میں ہی نہیں اٹھتے بلکہ پورے ملک کی خواتین بھی یہی سوال پوچھ رہی ہیں۔ سوال یہ ہے کہ بی جے پی حکمراں ریاستوں میں خواتین کے ساتھ عصمت دری کے واقعات کیوں ہو رہے ہیں۔‘‘ راہل گاندھی نے مزید کہا کہ ’’ بی جے پی کے 4 سالہ دور اقتدار میں خواتین کے ساتھ جو برا سلوک ہوا ہے وہ تین ہزار سالوں میں بھی نہیں ہوا۔‘‘
اس موقع پر راہل گاندھی نے پناما پیپر معاملہ سے متعلق بھی اپنی رائے رکھی۔ انھوں نے کہا کہ ’’پناما پیپر معاملے میں پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف کا نام آیا تو ان کے خلاف جانچ ہوئی اور سزا بھی ہوئی لیکن جب پناما پیپر میں چھتیس گڑھ کے وزیر اعلیٰ کے بیٹے کا نام آیا تو جانچ تک نہیں کی گئی۔‘‘
اپنی تقریر میں کانگریس صدر نے ایک بار پھر رافیل معاہدے پر مودی حکومت کو نشانہ بنایا۔ انھوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں سوال پوچھنے پر وزیر اعظم آنکھ نہیں ملا پاتے ہیں اور اِدھر اُدھر دیکھنے لگتے ہیں جب کہ مرکزی وزیر دفاع ہندوستان سے جھوٹ بولتی ہیں۔ تقریر کے دوران وہ کہتے ہیں کہ ’’میں نے پارلیمنٹ میں وزیر دفاع سے کہا کہ آپ نے ہندوستان سے جھوٹ کیوں بولا؟ جواب نہیں ملا۔ میں نے جب مودی جی کو کہا تو وہ اپنی آنکھ میری آنکھ سے نہیں ملا پائے۔ آپ نے ٹی وی پر دیکھا ہوگا وہ اِدھر اُدھر دیکھ رہے تھے۔ کیوں؟ کیونکہ چوکیدار بھاگیدار بن گیا۔‘‘
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔