پیزا-برگر کی ہوم ڈلیوری ہو سکتی ہے، تو گھر گھر راشن کیوں نہیں پہنچایا جا سکتا؟ کیجروال کا مودی سے سوال

مرکز کی جانب کے دہلی حکومت کی ’گھر گھر راشن‘ اسکیم پر روک لگانے پر وزیر اعلیٰ کیجریوال نے پریس کانفرنس سے خطاب کیا اور پوچھا کہ منصوبہ کو نافذ کرنے سے دو دن قبل کیوں روک دیا گیا؟

اروند کیجریوال، تصویر سوشل میڈیا
اروند کیجریوال، تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: مرکزی حکومت کی جانب دہلی حکومت کی ’گھر گھر راشن اسکیم‘ پر روک لگائے جانے کے معاملہ پر پر وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اتوار کے دن پریس کانگریس سے خطاب کیا اور کہا کہ اسکیم کو نافذ کرنے کی تیاریاں پوری ہو چکی تھی تو دو دن قبل اس اسکیم پر روک کیوں لگا دی گئی؟

کیجریوال نے کہا کہ آپ نے منصوبہ کو یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ اس کے لئے مرکزی حکومت کی منظوری حاصل کیوں نہیں کی گئی، لیکن اس اسکیم کے لئے ہم نے مرکز سے کم از کم 5 مرتبہ منظوری حاصل کی ہے۔

وزیر اعلیٰ کیجریوال نے کہا، ’’اگلے ہفتہ سے گھر گھر راشن منصوبہ شروع کیا جانا تھا۔ تمام تیاریاں پوری ہو چکی تھیں لیکن آپ نے اچانک دو دن قبل اس پر روک کیوں لگا دی؟ وزیر اعظم صاحب آج میں بہت پریشان ہوں۔ آج مجھ سے کوئی خطا ہو جائے تو معاف کر دینا۔ اس اسکیم پر ہم کوئی تنازعہ نہیں چاہتے۔‘‘


وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے کہا، ’’ہم نے اس منصوبہ کا نام وزیر اعلیٰ گھر گھر راشن اسکیم رکھا۔ آپ نے کہا کہ منصوبہ کے نام میں وزیر اعلیٰ کا نام نہیں آ سکتا۔ ہم نے آپ کی بات مان کر نام ہٹا دیا۔ آپ نے ہماری اسکیم کو اب یہ کہہ کر مسترد کر دیا کہ ہم نے مرکز سے منظوری نہیں لی۔ مرکزی حکومت سے اس منصوبہ کے لئے ہم 5 مرتبہ اجازت لے چکے ہیں۔’’

انہوں نے مزید کہا، "اگر اس ملک میں اسمارٹ فون، پیزا-برگر کی ہوم ڈلیوری ہو سکتی ہے تو پھر راشن کی کیوں نہیں ہو سکتی؟ کیا آپ کو راشن مافیا سے ہمدردی ہے! ان غریبوں کی بات کون سنے گا؟ مرکز نے عدالت میں ہمارے منصوبے کے خلاف کوئی اعتراض نہیں کیا، تو اب کیوں مسترد کیا جا رہا ہے؟ بہت سے غریب لوگ اپنی ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔ لوگ باہر جانا نہیں چاہتے، لہذا ہم گھر گھر جاکر راشن فراہم کرنا چاہتے ہیں۔‘‘


کیجریوال نے کہا، ’’مرکزی حکومت کے افسران کہہ رہے ہیں کہ یہ راشن مرکز کا ہے، تو دہلی کیوں کریڈٹ لے؟ میں کریڈٹ نہیں لے رہا، براہ کرم اسے لاگو کر دیجئے۔ میں دنیا کو بتاؤں گا کہ مودی جی نے اس سکیم کو نافذ کیا ہے۔ اس کا تعلق ہے عام آدمی پارٹی سے ہے ہے اور نا ہی بی جے پی سے، بلکہ یہ راشن اس ملک کے عوام کا ہے اور اس راشن کی چوری کو روکنا ہم دونوں کی ذمہ داری ہے۔

کیجریوال نے کہا، "اس وقت ملک کو شدید بحران کا سامنا ہے۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ایک دوسرے کا ہاتھ تھام کر ایک دوسرے کی مدد کریں۔ اب وقت نہیں ہے کہ آپس میں جھگڑا کریں۔ لوگوں نے محسوس کرنا شروع کر دیا ہے کہ مصیبت کے وقت بھی مرکزی حکومت سب سے جھگڑا کر رہی ہے۔ آپ ممتا دیدی کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ آپ جھارکھنڈ حکومت کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ آپ لکشدیپ کے لوگوں کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ آپ مہاراشٹر حکومت سے لڑ رہے ہیں۔ آپ دہلی کے لوگوں کے ساتھ لڑ رہے ہیں۔ کسانوں سے لڑ رہے ہیں۔ لوگ اس بات پر بہت غمزدہ ہیں۔ جناب، ملک اس طرح کیسے چلے گا؟ آپ ہم سب سے کیوں لڑ رہے ہیں؟ ہم سب آپ کے ہیں، ہم سب ہندوستانی ہیں، ایسی صورتحال میں اگر ہم سب لڑتے ہیں تو کورونا سے کیسے جیتیں گے؟ ہم سب کو مل کر کورونا کا مقابلہ کرنا ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔