یوپی ضمنی انتخاب: بی جے پی گھری تو یوگی بنے ہندو!

حال ہی میں کانگریس میں شامل ہونے والے نسیم الدین صدیقی نے کہا ’’ابھی عید کےآنے میں 4 مہینے باقی ہیں ابھی سے انہیں عید کیوں یاد آ رہی ہے! ہار سامنے دیکھ کر چناؤ کو فرقہ وارانہ رنگ دے رہے ہیں۔‘‘

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

آس محمد کیف

الہ آباد: پھول پور اور گورکھپور پارلیمانی نشستوں کے ضمنی انتخابات میں بی جے پی نے اپنی کشتی کو ڈگمگاتا دیکھ کر اب چناؤ کو پوری طرح فرقہ وارانہ بنا دیا ہے۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے کھلے طور پر راجدھانی لکھنؤ میں ایک بار پھر دہرایا کہ وہ ہندو ہیں ، عید نہیں مناتے اور انہیں اس پر فخر ہے۔ آئینی عہدہ پر فائز کسی بھی شخص کی طرف سے اس طرح کا بیان دیا جانا حیران کن ہے۔ سماجوادی پارٹی کے پھول پور سے امید وار ناگیندر پٹیل نے اس کی شکایت انتخابی کمیشن سے کرنے کی بات کہی ہے۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بیان 5 مارچ کو اسمبلی کی کارروائی کے دوران دیا تھا۔

حزب اختلا ف کے رہنما رام گووند چودھری نے اس بیان پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ توڑنے والی پالیسی کو اپنے پاس رکھیں۔ ملک توڑنے کی سازش کرنے والوں کو ہم توڑ کر رکھ دیں گے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی موجودگی میں بی ایس پی سربراہ مایا وتی کا موازنہ رامائن کےکردار ’سوپرنکھا‘ سے کرنے پر ان کے وزیر نند گوپال کے تبصرے کی شکایت الیکشن کمیشن سے کر دی گئی ہے۔حالانکہ پولس نے مقدمہ درج نہیں کیا۔ قانون ساز کونسل (ودھان پریشد )میں وزیر کو برخاست کرنے کے مطالبے کی صدائیں بھی زبردست ہنگامہ کے ساتھ بلند کی گئیں ۔ بی ایس پی رہنما سنیل چتوڑ نے مایاوتی پر تبصرہ اور سماجوادی پارٹی کے رہنما احمد حسن نے اکھلیش پر کئے گئے تبصرہ کو نازیبا قرار دیا ہے۔

وزیر موصوف کا تعلق الہ آباد سے ہے اور کافی اثرو رسوخ والے تصور کئے جاتے ہیں۔ انہوں نے مایاوتی کو ’سوپرنکھا ‘ اور ملائم سنگھ کو ’راون ‘، اکھلیش یادو کو ’میگھ ناتھ ‘ اور شیو پال یادو کو ’کمبھ کرن ‘ کہا تھا۔ یہ تبصرہ شہر کے پیتم نگر علاقہ میں ایک عوامی اجلاس کے دوران کیا گیا تھا۔ اس دوران پلیٹ فارم پر وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ بھی موجود تھے۔

ضمنی انتخاب کی تشہیر بے روزگاری ، گھر، بجلی ، پانی سے شروع ہوکر’ہندو ہوں، عید نہیں مناؤں گا‘، سوپرنکھا، راون جیسے مدوں میں الجھ گئی ہے۔ ان سب کے بیچ کانگریس کے امید وار منیش مشرا نے نائب وزیر اعلیٰ کیشو پرساد موریہ کی دکھتی رگ پر ہاتھ رکھ دیا ہے۔ انہوں نے باضابطہ طور پر پریس کانفرنس کا انعقاد کر کے زیر بحث بنسل قتل کی سی بی آئی جانچ کا مطالبہ کیا۔ بنسل قتل میں کئی لوگ کیشو پرساد موریہ کا ہاتھ ہونے کی بات کرتے ہیں۔ کیشو پرساد موریہ کو ڈاکٹر اے کے بنسل کے جیون جیوتی ٹرسٹ کا رکن بتایا جاتا ہے۔

وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اللہ پور میں تشہیر کے آخری دن عوامی جلسہ کوخطاب کرنے جا رہے ہیں جس کی زور شور سے تیاری چل رہی ہے۔ عوامی جلسہ رام لیلا میدان میں منعقد ہوگا جس کے لئے آس پاس کی تمام دکانوں کو اجاڑ دیا گیا ہے۔ میدان سے لے کر الوپی باغ چنگی تک اینکروچمنٹ (غیر قانون قبضہ) ہٹانے کے نام پر غریبوں کے پیٹ پر لات ماری گئی ہے۔

اکھلیش یادو کے پروگرام میں تبدیلی ہوئی ہے اور اب وہ عوامی جلسہ کے علاوہ بامرولی ایئر پورٹ سے جلسہ گاہ تک روڈ شو بھی کریں گے۔ کل 5 اسمبلی سیٹوں والے پھول پور میں اسمبلی کی 2 سیٹیں آتی ہیں۔ اکھلیش فافاماؤ شانتی پورم میں عوامی جلسہ سے خطاب کرنے جا رہے ہیں۔

یوگی آدتیہ ناتھ کے ’ہندو ہوں، عید نہیں مناتا‘ والے بیان پر ہر طرح کے رد عمل سامنے آ رہے ہیں ۔ حال ہی میں کانگریس میں شامل ہونے والے نسیم الدین صدیقی نے کہا ’’ابھی عید کےآنے میں 4 مہینے باقی ہیں ابھی سے انہیں عید کیوں یاد آ رہی ہے! ہار سامنے دیکھ کر چناؤ کو فرقہ وارانہ رنگ دے رہے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔