مالیگاؤں دھماکہ معاملہ: کرنل پروہت کی عرضی مسترد

جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے کرنل پروہت کی عرضی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی سماعت نچلی عدالت میں چل رہی ہے، ایسی صورت میں وہ مداخلت نہیں کریں گے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آواز بیورو

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے 2008 کے مالیگاؤں دھماکہ معاملے میں کرنل شری کانت پروہت کو مبینہ طورپر اغوا کرنے کی جانچ ایس آئی ٹی سے کرانے سے متعلق ان کی عرضی آج مسترد کردی۔

جسٹس رنجن گوگوئی کی صدارت والی تین رکنی بنچ نے کرنل پروہت کی عرضی مسترد کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی سماعت نچلی عدالت میں چل رہی ہے، ایسی صورت میں وہ مداخلت نہیں کریں گے۔ عدالت نے تاہم عرضی گزار کو اپنا مطالبہ نچلی عدالت کے سامنے پیش کرنے کی اجازت دی۔

عدالت نے کہا کہ ’اگر ہم اس وقت مداخلت کریں گے تو سماعت متاثر ہوسکتی ہے۔‘ کرنل پروہت کی طرف سے پیش سینئر وکیل ہریش سالوے نے دلیل دی کہ عرضی گزار نے جو معاملہ اٹھایا ہے اس پرتوجہ دی جانی چاہئے۔ اس پر جسٹس گوگوئی نے کہا کہ عرضی گزار اپنی بات نچلی عدالت میں پیش کرے۔

اس سے قبل گذشتہ 27 اگست کو جسٹس ادے امیش للت کے سماعت سے الگ ہونے کی وجہ سے نئی بنچ کی تشکیل تک سماعت ملتوی کرنی پڑی تھی۔

عرضی گزار نے اپنی درخواست میں خود کو سازش کے تحت ملوث کرنے کا الزام لگاتے ہوئے عدالت کی نگرانی میں ایس آئی ٹی سے جانچ کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ عدالت عظمی نے گذشتہ سال کرنل پروہت کو ضمانت پر رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ وہ پچھلے نو سال سے جیل میں تھے۔

سپریم کورٹ نے بمبئی ہائی کورٹ کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ضمانت دے دی تھی۔ خیال رہے کہ 29 ستمبر 2008 کو مالیگاؤں میں ایک بائیک میں بم دھماکہ کیا گیا تھا جس میں 8 لوگوں کی موت ہوگئی تھی او رتقریباً 80 افراد زخمی ہوئے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔