یوکرین سے واپس آنے والے طلبہ کی تعلیم سے متعلق دہلی ہائی کورٹ میں عرضی داخل

عرضی گزار نے اپنی درخواست میں کہا کہ اس بارے میں باضابطہ طور پر ابھی تک کچھ نہ کئے جانے پر عدالت میں عرضی دائر کی گئی ہے۔

دہلی ہائی کورٹ، تصویر یو این آئی
دہلی ہائی کورٹ، تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

نئی دہلی: دہلی ہائی کورٹ میں یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کی پڑھائی ملک کے میڈیکل کالجوں میں دوبارہ شروع کرنے سے متعلق مرکزی حکومت کو ہدایت دینے کے لئے ایک عرضی دائر کی گئی ہے۔ اوورسیز لیگل سیل کی طرف سے دائر اس عرضی میں عدالت سے استدعا کی گئی ہے کہ وہ مرکزی حکومت کو ہدایت دے کہ وہ ہنگامی حالات میں یوکرین سے واپس آنے والے میڈیکل طلباء کے لیے ملک کے اندر میڈیکل کالجوں میں اپنی تعلیم مکمل کرنے کے انتظامات کرے۔

عرضی گزار نے اپنی درخواست میں کہا کہ اس بارے میں باضابطہ طور پر ابھی تک کچھ نہ کئے جانے پر عدالت میں عرضی دائر کی گئی ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ یوکرین سے بحفاظت نکال کر لائے گئے طلبا جن میں تقریباً دو ہزار طلبا شامل ہیں ان کا مستقبل غیر یقینی صورتحال میں پھنس گیا ہے۔ درخواست میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 21 کے تحت زندگی کے حق کی ضمانت میں ان ہندوستانی طلباء کا ملک میں تعلیم مکمل کرنے کا حق بھی شامل ہے، جو موجودہ جنگ جیسی صورتحال میں مجبوری میں بیرون ملک سے واپس آئے ہیں۔


عرضی گزار اس عرضی کے ذریعے مرکزی حکومت اور نیشنل میڈیکل کمیشن کے لئے عدالت کی جانب سے ہدایت دینے کی مانگ کر رہا ہے تاکہ یوکرین سے واپس آنے والے ہندوستانی میڈیکل طلباء کی ملک کے میڈیکل کالجوں میں تعلیم شروع کرنے کے لیے مناسب اقدامات اٹھائے جائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔