اشتعال انگیز تقریر روکنے کے لئے لا کمیشن کی سفارشات لاگو کرنے سے متعلق درخواست دائر
درخواست میں کہا ہے کہ اشتعال انگیز تقریر کرنے والے لیڈروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے، ساتھ ہی اس طرح کے معاملات میں لا کمیشن کی سفارشات لاگو کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے
نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی کے لیڈر اور وکیل اشونی کمار اپادھیائے نے اشتعال انگیز تقریر کرنے والے لیڈروں کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں قواعد و ضوبط جاری کرنے سے متعلق درخواست سپریم کورٹ میں جمعرات کو دائر كي۔ اپادھیائے نے اپنی درخواست میں کہا ہے کہ اشتعال انگیز تقریر کرنے والے لیڈروں کے خلاف کارروائی کی جانی چاہئے۔ ساتھ ہی اس طرح کے معاملات میں لا کمیشن کی سفارشات لاگو کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
عرضی گذار نے 2017 کی لا کمیشن کی 267 ویں رپورٹ کی سفارشوں کو لاگو کرنے کی مانگ کی ہے، جس میں اشتعال انگیز تقاریر کی وضاحت کئے جانے اور تعزیرات ہند کی دفعہ 153 سی اور 505 اے شامل کرنے کا مشورہ دیا گیا تھا۔
عرضی گذار نے کہا کہ سیاستدانوں کی جانب سے دئیے جا رہے مسلسل اشتعال انگیز تقریرو بیان کی وجہ سے آج ملک میں تشدد کےحالات پیدا ہو گئے ہیں۔ہر روز ذات و مذہب کی بنیاد پر کہیں نہ کہیں تشدد دیکھنے کو مل رہا ہے اور اس کی اہم وجہ سیاستدانوں کی طرف سے دئے جانے والے نفرت انگیز بھاشن (ہیٹ اسپیچ) ہیں۔
انہوں نے کہا کہ چونکہ نفرت انگیز بیانات کی وضاحت موجود نہیں ہے، یہی وجہ ہے کہ سیاستدان بغیر کسی روک ٹوک کے نفرت انگیز تقریر کا استعمال کرتے ہیں۔ تاہم اس معاملہ میں 2017 میں لا کمیشن نے ایک تفصیلی رپورٹ سپریم کورٹ کے کہنے پر حکومت کو سونپی تھی لیکن آج تک حکومت نے اسے لاگو نہیں کیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔